صدرعارف علوی کا فلسطین کے سفارت خانے کا دورہ 

صدرعارف علوی کا فلسطین کے سفارت خانے کا دورہ 
کیپشن: صدرعارف علوی کا فلسطین کے سفارت خانے کا دورہ 

ایک نیوز :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان میں فلسطین کے سفارت خانے کا دورہ کیا ،صدر مملکت نے  اسرائیل کے ہاتھوں قتل عام  کا نشانہ بننے والے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔ 

تفصیلات کےمطابق صدر مملکت عارف علوی نے کہاکہ عالمی برادری اسرائیلی بربریت ، غیر متناسب ردعمل  میں ہزاروں بے گناہ افراد کی شہادت کی مذمت کرے ، انہوں نے  فوری جنگ بندی، خوراک، بجلی اور پانی سے محروم لوگوں تک امداد بھیجنے کیلئے انسانی راہداری کھولنے کا بھی مطالبہ کیا۔ 

جبکہ صدر مملکت نے اسلام آباد میں فلسطین کے سفیر احمد جواد ربیع سے بھی ملاقات کی ،انہوں نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیاان کا کہناتھا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطین کے ساتھ کھڑا رہے گا ،پاکستان صرف وہی حل قبول کرے گا جو فلسطینیوں کیلئے قابل قبول ہو،اقوام ِمتحدہ میں فلسطین میں ہونے والے مظالم پر بحث ہونی چاہیے،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اسرائیلی مظالم کو روکنے کیلئے قرارداد پاس کرے۔

صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ ایسے وحشیانہ اقدامات سے نفرت کے مزید امکانات پیدا ہوتے ہیں ، مزید جنگیں شروع ہوتی ہیں،او آئی سی کو فلسطین کی حمایت میں بھرپور آواز اٹھانی چاہیے،غزہ میں ہونے والی بربریت ، گزشتہ 30-40 سالہ نسل تفریق کی مذمت کرتے ہیں،غزہ کے ہسپتال پر بمباری کی گئی جس سے 500 سے زائد افراد شہید ہوئے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ جنگ امن کے کسی بھی امکان کو مکمل طور پر تباہ کردیتی ہے ،فلسطینی عوام کو پرامن دو ریاستی حل کے حصول کی کوششوں سے روکنے کیلئے دیواریں کھڑی کی جا رہی ہیں۔

صدر مملکت کا مزید کہناتھا کہ ایسی دیواریں کبھی قائم نہیں رہتی ، عوام ان کو گرا دیتے ہیں ،جب تک دو ریاستی حل روکا جائے گا، لوگ ردعمل ظاہر کریں گے،فلسطینی سفیر نے مشکل وقت میں فلسطین کے سفارت خانے کا دورہ کرنے پر صدر پاکستان کا شکریہ ادا کیا،صدر مملکت نے فلسطینی سفارتخانے میں تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے ۔صدر مملکت نے فلسطینی عوام اور وحشیانہ اسرائیلی حملوں کے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا۔