جیل سپرنٹنڈنٹ کوتوہین عدالت کانوٹس،وکلاءکوعمران خان سے ملاقات کی اجازت

Oct 19, 2023 | 15:19 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:سابق وزیراعظم عمران خان کو جیل میں سہولیات دینے کےحوالے سے کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو شوکاذ نوٹس جاری کر دیا،عدالت نے ریمارکس دیئے کیوں نا جیل سپریڈنٹ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔ عمران خان کے وکلاء کو بلا رکاوٹ چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کی اجازت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کو جیل میں سہولیات دینے کے حوالے سے کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے سماعت کی۔چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل شیر افضل مروت روسٹرم پر آگئے۔حکومت کی جانب سے کوئی بھی وکیل پیش نہیں ہوا۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ ہم چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے صرف اس دن ملاقات کر پاتے ہیں، جس دن کیس ہو، اس دن بھی ملاقات ڈبے نما پنجرے میں ہوتی ہے،ہم نے ایک شیڈول بنایا ہے جس کے تحت ہمیں ملاقات کی اجازت دی جائے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ شیڈول ہمیں دکھا دیں۔

دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل ارشد محمود کیانی ، عظمت بشیر تارڑ عدالت پہنچ گئے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے لاء افسران کے تاخیر سے آنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کورٹ کی معاونت کے لیے کون آئے گا،ہر کوئی نواز شریف کی خوشیاں منا رہاہے مٹھایاں بانٹ رہا ہے ،آپ سب کو نواز شریف کی پڑی ہے، اسکا استقبال کرنے جانا ہے؟آپکو نوٹس موصول نہیں ہوئے تھے؟ لا افسران سے مکالمے میں غیر معمولی ریمارکس دیتے ہوئے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کا کہنا تھا" یہ پانچ سالہ سائیکل ہے "۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپریڈنٹ اڈیالہ جیل کو شوکاذ نوٹس جاری کر دیا۔جیل سپریڈنٹ کو عدالتی نوٹس کے باوجود پیش نا ہونے پر شوکاز نوٹس جاری ہوا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کیوں نا جیل سپریڈنٹ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔

بعد ازاں عدالت نے بغیر کسی رکاوٹ وکلاء کی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں ملاقات کی اجازت دے دی۔

مزیدخبریں