نوازشریف کے استقبال کیلئے ملک بھر سے قافلے روانہ

Oct 19, 2023 | 14:24 PM

ایک نیوز: قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس آرہے ہیں۔ جہاں وہ لاہور میں مینارپاکستان پر جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ ان کے استقبال کے لیے ملک بھر سے پارٹی کارکنان کے قافلے لاہور کیلئے روانہ ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق محمد نواز شریف کےتاریخی استقبال کیلئے گلگت بلتستان سے قافلے روانہ ہوگئے۔ استقبالی ریلی کی قیادت صوبائی وزیر انجینئر انور کر رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ قافلہ ناران کاغان کے راستے سے موٹروے تک پہنچے گا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف امن و خوشحالی کی ضمانت ہیں، گلگت بلتستان اور چلاس سے قائد کے استقبال میں ہزاروں کارکن شریک ہوں گے، قائد نواز شریف کی واپسی امن سے معیشت کی بحالی کا سفر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے روایتی لباس کے ساتھ استقبال میں شریک ہیں۔ میاں محمد نواز شریف گلگت بلتستان کے محسن ہیں۔ گلگت بلتستان سے سب سے بڑا قافلہ ہم لائیں گے۔ نواز شریف گلگتی بلتیوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔ 

دوسری جانب سندھ سے خصوصی ٹرین آج شام لاہور کے لیے روانہ ہوگی۔ ٹرینوں اورگاڑیوں کو نوازشریف کی تصاویر ، نعروں اور پیغام سے سجایاگیا ہے۔ 

اسی طرح خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے کارکنوں کو لے کر خصوصی ٹرینیں کل روانہ ہوں گی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ملک بھر سے قافلوں کی لاہور آمد کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ ٹریفک سمیت دیگر انتظامات کے لئے کمیٹیوں نے ہوم ورک مکمل کرلیا۔ مینار پاکستان پر سٹیج کوبھی حتمی شکل دے دی گئی۔

مزیدخبریں