ایک نیوز: روس اور پاکستان کے درمیان طویل المدتی تیل خریداری معاہدہ طے پا گیا، کمرشل معاہدے کا پہلا کارگو دسمبرمیں پاکستان پہنچے گا۔
پیٹرولیم ڈویژن ذرائع کے مطابق روس اور پاکستان کے درمیان معاہدہ کمرشل بنیادوں پر ہوا ہے، لوکل ریفائنریز روس سے براہ راست تیل خرید سکیں گی۔ذرائع نے کہا کہ ریگولر سپلائی کے بعد گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ معاہدہ متوقع ہے جبکہ روس سے کمرشل معاہدے کا پہلا کارگو دسمبر میں پاکستان پہنچے گا جو ایک لاکھ میٹرک ٹن خام تیل پر مشتمل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق معاہدے کے تحت روس پاکستان کو پورٹ پر تیل فراہم کرے گا اور لوکل ریفائنری روسی تیل کی قیمت 60 ڈالر فی بیرل کے حساب سے ادا کرے گی۔کمرشل معاہدے میں جی سیون ممالک کو روسی تیل کی قمیت کی حد کو مدنظر رکھا گیا۔ روسی خام تیل کرایہ اور پریمیم نکال کر بھی عام مارکیٹ سے 10 ڈالر فی بیرل سستا ہے، پہلے ٹیسٹ کارگو میں بھی پاکستان کو4 کروڑ ڈالر کی بچت ہوئی تھی۔