'ریاست ماں جیسی ہوتی ہے"خدیجہ شاہ کی ضمانتیں منظورکرنے کا تحریری فیصلہ

Oct 19, 2023 | 12:52 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: عدالت نے تحریکِ انصاف رہنما خدیجہ شاہ کی 2 مقدمات میں ضمانتیں منظور کرنےکا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے ریمارکس دئیے ہیں کہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کے  2 رکنی بینچ نے فیصلہ جاری کیا جس میں ریمارکس دئیے گئے کہ خدیجہ شاہ نے متنازع ٹوئٹ کی جو بعد میں ڈیلیٹ کردی اور معذرت بھی کی جبکہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے۔

ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ معافی مانگنے پر شہری کو چانس دینا چاہیے۔2 رکنی بینچ کا کہنا ہے کہ عدالتوں کا کام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔ استغاثہ خدیجہ شاہ کے خلاف جناح ہاؤس میں آگ لگانے کا ثبوت پیش نہیں کرسکا۔ 
عدالت کا کہنا ہے کہ ملزمہ خدیجہ شاہ 25 مئی سے گرفتار ہے اور تاحال مقدمات کا ٹرائل شروع نہیں ہوا، لاہور ہائیکورٹ خدیجہ شاہ کی ضمانت منظور کرتی ہے جبکہ عسکری ٹاور کیس میں گواہوں کے بیانات میں تضاد کے باعث مزید تفتیش کی ضرورت ہے۔فیصلے میں عدالت نے عسکری ٹاور کیس میں بھی خدیجہ شاہ کی ضمانت منظور کرلی۔

مزیدخبریں