فون پر کہا گیا حسان نیازی سے ملاقات کرلیں، 10 منٹ بعد ملتوی کردی گئی،حفیظ اللہ نیازی

Oct 19, 2023 | 11:58 AM

ایک نیوز: حسان نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی آج ہونے والی اپنے بیٹے سے ملاقات کو جمعہ تک ملتوی کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حفیظ اللہ نیازی نے اپنے بیان میں لکھا کہ کل بروز جمعرات میری اپنے بیٹےحسان نیازی سے دوسری ملاقات متوقع تھی- پہلے ایک فون کال پر آگاہ کیا گیا کہ ملاقات کے لئے آ جائیں “، دس منٹ بعد دوسری فون کال پر ملاقات کو اگلے دن جمعہ پر ملتوی کا بتایا گیا۔

انہوں نے لکھا کہ فوج کی تحویل میں جو پی ٹی آئی کارکن ہیں ان کی ہر ہفتہ اپنے اہلِ خانہ سے ملاقاتیں اب معمول بن چکی ہیں۔ میرے بیٹے حسان نیازی کی گرفتاری کےدو ماہ بعد الحمدُللہ پچھلے ہفتے بروز جمعرات اس کی ماں، بہن اور میری ملاقات کروائی گئی۔ 

انہوں نے بیان میں وضاحت دی کہ ایک باپ کے ناطے جو انجانے بھیانک وسوسوں کے ساتھ دو ماہ رات دن کاٹ رہاتھا، اس کا فطری ردعمل کچھ بھی ہو سکتا تھا۔ مجھے یقین ہے ملاقات کا التوا کی وجہ میری ٹویٹ کا برا نہیں منایا گیا ہوگا۔ کل جمعرات کی ملاقات کا ملتوی ہونا کوئی غصہ یا عناد نہیں ہو گا۔ ویسے بھی ادارے ذاتی غصہ کو اداراتی غصہ نہیں بناتے اور انصاف و قانون کا جھنڈا بلند رکھتے ہیں۔اپنے ہمدردوں کی پہچان رکھتے ہیں اور ان میں اضافہ کرتے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ایک مثال دے دوں، افغانستان میں پچھلے بیس سال دوران جنگ جو امریکی ،طالبان کی قید میں تھے۔ رہائی کے بعد طالبان کے دوست مداح اورمسلمان بن گئے جبکہ جو طالبان امریکی قید میں گوانتا ناموبے جیسے بدنام زمانہ عقوبت خانوں میں رہے وہ امریکہ سے مزید متنفر ہوئے اور ان کی دشمنی میں بھی شدت آ گئی۔ کاش ہموطنوں میں اسٹیبلشمنٹ کے دوستوں کی تعداد زیادہ ہوتی۔

مزیدخبریں