ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ نے منشا بم کے جسمانی ریمانڈ کے خلاف دائر درخواست پر 30 اکتوبر کو پولیس سے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جسمانی ریمانڈ کے خلاف دائر درخواست پر سماعت جسٹس شہرام سرورکی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔درخواست منشا بم نے ایڈوکیٹ اشیتاق اے خان کی وساطت سے دائر کر رکھی ہے۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عدالت نے 4 اکتوبر کو منشا بم کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا، انہوں نے 6 اکتوبر کو پیش کیا، 2 دن غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا۔
عدالت نے وکیل درخواست گزار سے استفسار کیا کہ کس بنیاد پر ریمانڈ کو کلعدم قرار دیا جائے؟ آڈر آپ کے سامنے ہے، اس میں کوئی غیر قانونی بات واضح کریں؟
عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ ریاست کو نوٹس دیا ہوا ہے، تفتیشی کیوں نہیں آیا؟ ریکارڈ آیا نہیں، ہم کیا مدد کر سکتے ہیں، تفتیشی افسر ریکارڈ کے ساتھ عدالت میں پیش نہیں ہوا۔
عدالت نےحکم دیا کہ تفتیشی افسرریکارڈ کے ساتھ 23 اکتوبر کو عدالت میں پیش ہو۔
واضح رہے کہ منشا بم کو تھانہ نواب ٹاؤن میں ڈکیتی کا مقدمہ درج ہے، اے ٹی سی کی جج عبہر گل خان نے 6 اکتوبر کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر بھیجا تھا۔