14 ملکی فضائی مشق انڈس شیلڈ: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا معائنہ

Oct 19, 2023 | 11:15 AM

ایک نیوز: پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا 14 ملکی فضائی مشقوں انڈس شیلڈ سے خطاب میں کہنا تھا کہ موجودہ عالمی سلامتی کی صورتحال اور تغیر پذیر جنگی محرکات مسلح افواج کے مابین بہترین شراکت داری کے متقاضی ہیں۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا پاک فضائیہ کی 14 ملکی فضائی مشق انڈس شیلڈ 2023 کا معائنہ کیا۔ معزز مہمان کی آمد پر سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے انکا استقبال کیا گیا۔ 

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس میں تربیتی سہولیات اور فضائی مشق کے دائرہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ 

ایئرچیف کا کہنا تھا کہ انڈس شیلڈ کا مقصد شریک فضائی افواج کے مابین باہمی تعاون کا فروغ اور جدید فضائی جنگی تصورات کو تقویت دینا ہے۔ 

ترجمان کے مطابق ائیر چیف نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی جانب سے مکمل حمایت اور افواجِ پاکستان کے مابین ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کی گئی انکی کاوشوں کی تعریف کی۔ ایئر چیف نے 14 ملکی فضائی مشق انڈس شیلڈ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ 

سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ مشق کے ذریعے آپریشنل تیاریوں کا فروغ اور شرکاء کی عصر حاضر کے جنگی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیاری ممکن ہوئی۔ مشق شریک فضائی افواج کو اپنی بے مثال مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کو نمایاں کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کررہی ہے۔ 

ایئرچیف کا کہنا تھا کہ انڈس شیلڈ شریک عسکری دستوں کے مابین ربط، تعاون کا فروغ اور باہمی مفاہمت کو مستحکم کرے گی۔ موجودہ عالمی سلامتی کی صورت حال اور  تغیر پذیر جنگی محرکات مسلح افواج کے مابین بہترین شراکت داری کے متقاضی ہیں۔ انڈس شیلڈ میں حقیقت پر مبنی فضائی جنگ کے منظرنامے اور مختلف عسکری مشنز کی عکاسی، فضائی اور زمینی عملے کو فضائی جنگ کے دوران اساسوں کی تعیناتی سے متعلق حکمت عملیوں کو پرکھنے کا تجربہ فراہم کرے گی۔ 

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے فضائی جنگ کے ہماوقت تغیر پذیر محرکات کے تناظر میں مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے بین الاقوامی فضائی مشقوں کی اہمیت کا اعتراف کیا۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے مشق کے شرکاء کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے تاریخ ساز مشق کے انعقاد پر ایئر پاور سنٹر آف ایکسیلینس کی کاوشوں کی تعریف کی۔ 

انہوں نے کہا کہ مشق سے اہم اتحادی افواج کے مابین پہلے سے موجود شراکت داری کو تقویت دینے اور شریک فضائی افواج کے مابین باہمی تعاون کا فروغ ممکن ہو گا۔ 

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ معزز مہمان نے مشق کو خطے کی سب سے بڑی فضائی مشقوں میں سے ایک بنانے پر سربراہ پاک فضائیہ کی متحرک قیادت کی تعریف کی۔ مشق انڈس شیلڈ-2023 میں پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، مصر، عمان، بحرین، آذربائیجان، انڈونیشیا، مراکش، ازبکستان، چین اور ہنگری سمیت 14 فضائی افواج نے شرکت کی۔ 

ترجمان کے مطابق مشق میں حصہ لینے والی فضائی افواج کے لیے اپنی بے مثال مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کا ایک فقید المثال موقع ہے۔ انڈس شیلڈ-2023 کی منصوبہ بندی اور اس کا انعقاد، سربراہ پاک فضائیہ کے وژن کا عکاس ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ انڈس شیلڈ-2023 پاک فضائیہ کے لیئے ٹیکنالوجی کے فروغ، اور اسکی صلاحیتوں کو جدت سے ہمکنار کرنے کا بہترین موقع تھا۔ مشق کے ذریعے عصر حاضر کی جنگی حکمت عملیوں کو بروئےکار لاتے ہوئے فضائی دفاع کے مشترکہ چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے گا۔ 

مزیدخبریں