غزہ میں اسرائیلی دہشتگردی جاری،مزید433فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی دہشتگردی جاری،مزید433فلسطینی شہید
کیپشن: Israeli terrorism continues in Gaza, 433 more Palestinian martyrs

ایک نیوز:بین الاقوامی سفارتی کوششیں بھی اسرائیلی جارحیت کےسامنےبےبس مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام کاسلسلہ نہ رک سکا،غزہ میں اسرائیلی فوج نے ایک ہی روز میں مزید433 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
غزہ کے جبالیہ پناہ گزیں کیمپ میں دو گھروں پر اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے بمباری کی گئی، ایک واقعے میں27 اور دوسرے میں ایک ہی خاندان کے 13 افراد شہید اور15 زخمی ہوئے۔
اسرائیلی افواج کی جانب سے12 افراد کو غزہ بندرگاہ کے قریب نشانہ بنایا گیا جبکہ نوصائرت علاقے میں مسجد پر بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے۔
دیر البلاح میں گھر پر بمباری سے مزید10 افراد شہید اور22 زخمی ہوئے جبکہ 18 افراد ملبے تلے دبے ہیں۔
اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ کے مغربی علاقے میں واقع ہلال احمر کے ہیڈ کوارٹر اور القدس ہسپتال کے قریبی علاقے پر بھی30 منٹ تک رہائشی عمارتوں اور سڑکوں پر بمباری کی گئی۔
بموں کے ٹکڑے ہلال احمر کے ہیڈکوارٹر میں بھی گرے جہاں عملے کے علاوہ 8 ہزار افراد پناہ لیے ہوئے ہیں۔
ادھر الشفا ہسپتال کے نواحی علاقے کو بھی بمباری کا نشانہ بنایاگیا جس میں بڑے پیمانے پر شہادتیں ہوئیں۔
اقوام متحدہ کے تحت خان یونس میں چلنے والے سکول پر بھی بمباری کی گئی، جس سے کئی افراد شہید ہوئے جبکہ قریب ہی گھربھی تباہ کیا گیا، اس میں بھی بڑی تعداد میں اموات ہوئیں۔
البکری ہاؤس پر حملے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ الزیتون علاقے میں گھروں پر20 بم برسائے گئے جس سے تمام گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے، اس واقعے میں بھی بڑاجانی نقصان ہوا۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ کے علاوہ اب تک 64 فلسطینیوں کو مغربی کنارے میں بھی شہید کیا جا چکا ہے جن میں سے55 خواتین اور بچے ہیں۔
غزہ میں اسرائیلی بمباری سے4500 سو رہائشی عمارتیں اور12000 گھر تباہ کیے جا چکے ہیں۔
واضح رہےکہ غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے تین ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ اسرائیلی بربریت میں بچوں اور عورتوں سمیت اب تک 13 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے۔