اساتذہ کا احتجاج، راولپنڈی کے 2 ہزار اسکول دس روز سے بند  

Oct 19, 2023 | 00:16 AM

ایک نیوز:پنجاب میں جاری اساتذہ کے احتجاج کے باعث راولپنڈی کے 2ہزار سکول 10روز سے بند ہیں۔

پنجاب حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کی نجکاری کے فیصلے کے خلاف اساتذہ نے اسکولوں کی تالہ بندی کر دی ہے۔پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح راولپنڈی میں بھی اساتذہ گزشتہ دس روز سے احتجاج پر ہیں، جس کے باعث شہر کے 2 ہزار سرکاری اسکول بند ہیں۔تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل نہ ہونے کے باعث مکمل ویرانی ہے، کلاس رومز کے دروازوں پر تالے لگے ہیں۔ اسکولوں کے دفاتر بھی بندے پڑے ہیں۔

ضلع راولپنڈی کے 2 ہزار تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ڈھائی سے تین لاکھ بچے گھروں میں پریشان بیٹھے ہیں۔

سراپا احتجاج اساتذہ پنجاب حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ پینشن رولز میں ترمیم، لیو انکیشمنٹ میں کٹوتی اور سرکاری تعلیمی اداروں کی نجکاری کے فیصلوں کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔

اساتذہ کا کہنا ہے حکومت نے صوبہ بھر میں دس ہزار سرکاری اسکولوں کی نجکاری کی سمری تیار کرلی ہے جس سے نہ صرف اساتذہ متاثرہ ہوں گے بلکہ بچوں کا مستقبل بھی خطرے میں پڑ جائے گا۔ حکومت کی جانب سے لیو انکیشمنٹ، پینشن رولز میں ترمیم اور اداروں کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں کریں گے، اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کا بائیکاٹ مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔

مزیدخبریں