بلوچستان میں دہشتگرد تنظیموں کیخلاف جامع فوجی آپریشن کی منظوری

Nov 19, 2024 | 21:48 PM

ویب ڈیسک: نیشنل ایکشن پلان کی ایپیکس کمیٹی نے بلوچستان میں انسداد دہشتگری کے لئے ایک منظم آپریشن کی منظوری دیدی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ہونیوالے نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس میں ملک کی اندرونی و بیرونی صورتحال پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ڈی جی آئی ایس آئی، صوبائی وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزراء شریک ہوئے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اپیکس کمیٹی اجلاس کا ایجنڈا انسداد دہشتگری مہم کی تجدید تھا، شرکاء کو پاکستان کی انسدادِ دہشتگردی مہم ، امن عامہ اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئےاقدامات پر بریف کیا گیا، کمیٹی نے کثیر جہتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئےمتحد سیاسی آواز اور مربوط قومی بیانیے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

اجلاس کے شرکاء کا انسداد دہشتگری مہم کیلئےصوبائی اور وفاقی حکومتوں کے درمیان اشتراک پر خصوصی زور دیا، انسداد دہشتگری کیلئے صوبائی اپیکس کمیٹیوں کے زیر نگرانی ضلعی کووآرڈینیشن کمیٹیوں کے قیام اور بلوچستان میں انسداد دہشتگری کیلئےایک منظم آپریشن کی منظوری دیدی گئی ۔

اجلاس میں قوم پرست عوامل، مذہبی انتہا پسندی، غیر قانونی سرگرمیوں اور دہشتگردی کے نیکسز سے نمٹنے کے اقدامات ، ڈس انفارمیشن کیمپین کے خلاف اقدامات پر بھی بریف کیا گیا، فورم نے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے متفقہ قومی بیانیے کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ عزم استحکام فریم ورک کے تحت قومی انسداد دہشت گردی مہم کو دوبارہ متحرک کرنے کیلئے قومی اتفاق رائے ضروری ہے، نیکٹا کی بحالی اور قومی اور صوبائی انٹیلی جنس فیوژن اور تھریٹ اسسمنٹ سینٹر کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں انسداد دہشتگری مہم کے لئے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر اقدامات کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا، قومی و صوبائی انٹیلی جینس فیوژن اور تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر کے قیام کی منظوری اور چیلنجز سے نمٹنے کے لئے کثیر الجہتی کاوشوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔

آرمی چیف نے قومی سلامتی کو درپیش مسائل کو جڑ سے اکھاڑنے کے سیکیورٹی فورسز کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے تمام سٹیک ہولڈرز کو انسداد دہشتگری کے تمام اقدامات پر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ 

مزیدخبریں