ایک نیوز : فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی نے کیمپس پل لاہور پر غزہ مارچ کیا جس میں ہزاروں افراد نے فلسطینیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کی۔
لاہور میں غزہ مارچ میں حماس کے رہنما ڈاکٹر نواف تکروری بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔
غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ امریکا یہی چاہتا ہے کسی قیمت آئندہ الیکشن میں جماعت اسلامی کی حکومت نہ بنے، اگر ہماری حکومت آ گئی تو کشمیر بھارت اور فلسطین اسرائیل کا حصہ نہیں رہے گا۔اگر آج غزہ مارچ میں نگران وزیراعظم کاکٹر صاحب اور نگران وزیراعلیٰ پنجاب آ جاتے تو دنیا میں اچھا پیغام جاتا، نوازشریف اور زرداری فلسطین پر ایک لفظ نہیں بول رہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کاکہنا تھاکہ او آئی سی اجلاس میں بزدل حکمرانوں نے مردہ قرارداد پیش کر کے صہیونیوں کو مزید دہشت گردی کا لائسنس دے دیا۔
تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ آغاجواد نقوی کا کہنا تھا کہ جو کہتے ہیں حماس اسرائیل پر حملہ نہ کرتا تو فلسطینیوں کا قتل عام نہ ہوتا تو جو پانچ لاکھ فلسطینی قتل ہوئے وہ کسی کو نظر کیوں نہیں آتے ۔اسرائیلی ظلم کے خلاف جو مسلمان آواز بلند نہیں کر رہے وہ مسلم صہیونی ہیں۔
حماس کے رہنما ڈاکٹر نواف تکروری، لیاقت بلوچ، ابتسام ظہیر الٰہی اور فرید پراچہ سمیت دیگر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ فلسطین میر جعفر و میر صادق سے نہیں ٹیپو سلطان اور صلاح الدین ایوبی جیسی قیادت سے آزاد ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی نے 23 نومبر کو اسلام آباد میں بچوں کے ملین مارچ کا اعلان کیا اور جماعت اسلامی پنجاب کی جانب سے فلسطینیوں کے لیے اکیس کروڑ روپے کا چیک بھی دیا۔