چکوال مدرسہ کے واقعہ پر افسوس ہے ،نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی  

Nov 19, 2023 | 18:37 PM

ایک نیوز:نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کاکہنا ہے کہ چکوال مدرسہ واقعہ پر افسوس ہے،ہرمدرسہ برانہیں،چند لوگوں نے بدترین کام کیا۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا چکوال میں متاثرہ بچوں سے ملاقات کے بعد میڈیا گفتگو میں کہنا تھاکہ چکوال واقعہ کی وجہ سے شرمند ہ بھی ہیں اور افسوس بھی بہت ہے۔ایک مدرسہ میں ہونے والے واقعہ کی وجہ سے سب کو برا نہیں کہا جاسکتا۔  ایک ہی مدرسہ کے چند افراد کی وجہ سے اسی مدرسہ کے دیگر لوگوں کو بھی برا نہیں کہہ سکتے۔  ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچنے کیلئے جو ممکن ہوسکا کریں گے۔ آئی جی کو ٹاسک دے دیا ہے، سیکرٹری پراسیکیوشن بھی اپنا کام کریں گے۔ قانون ہم نہیں بنا سکتے تاہم ایسے اقدامات ضرور کریں گے تاکہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں۔

محسن نقوی کاکہنا تھا کہ بچوں کے ساتھ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔متاثرہ بچوں کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے، میڈیکل نہ کرانے کے فیصلہ کا احترام کرتے ہیں۔ لوکل میڈیا سے متاثرہ بچوں کے نام اور تصویریں وغیرہ پبلک نہ کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔ چکوال مدرسہ کے بچوں کے تعداد ایک دو نہیں زیادہ ہے، انہیں تحفظ دینا چاہتے ہیں  برے سلوک کی وجہ سے بچے اور ان کے والدین ٹراما میں ہیں۔ برے سلوک کے بعد نشاندہی کے لئے بہت ہمت چاہیے۔ متاثرہ بچوں کو ٹراما سے نکالنا ہے اور نارمل زندگی بحال کرنی ہے۔   بچوں کی پڑھائی بھی بحال کریں گے اور انہیں ٹراما سے بھی نکالا جائے گا۔

نگران وزیراعلیٰ کاکہنا تھاکہ متاثرہ بچوں کی تعلیم کے لئے جو ممکن ہوسکا ضرور کریں گے۔ بچے ڈی پی ایس یاپرائیویٹ سکول میں پڑھنا چاہیے توبھرپور معاونت کریں گے۔  کمشنر اور ڈ پٹی کمشنر متاثرہ بچوں کی تعلیم اور بحالی کے لئے اقدامات کریں۔ ایف آئی آر درج نہ ہونے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ شکایت آنے پر ملزمان پر فوری طور پر پکڑ لیا گیا، پولیس نے اچھا کام کیا۔

مزیدخبریں