چین سےواپس پہنچنےوالا انسانی اسمگلر سہولت کارسمیت گرفتار

Nov 19, 2023 | 12:49 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزم کو چین سے واپسی پر ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا جب کہ اس کی نشاندہی پر اس کے سہولت کار کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی گروہ کے 2 مرکزی انسانی اسمگلرز کو گرفتار کرلیا ہے، جن کی شناخت آصف محمود اور بلال حسن کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق گینگ کا مرکزی ملزم آصف چین میں تھا، اور جیسے ہی چین سے پاکستان کے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا، ایف آئی اے ٹیم نے اسے گرفتار کرلیا، جب کہ ملزم آصف کی نشاندہی پر اس کے سہولت کار ملزم بلال کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا،ابتدائی تفتیش کے مطابق اسمگلرز جعلی دستاویزات تیار کرتے تھے، ملزمان غیر قانونی تارکین وطن کو کاروباری افراد کے طور پر ظاہر کرتے تھے،ملزمان تارکین وطن کو امیگریشن کلئیرنس کے حوالے سے باقاعدہ تربیت دیتے تھے،ملزمان کا سرحد کے دونوں اطراف انسانی سمگلنگ کا منظم نیٹ ورک تھا۔ملزمان کی نشاندہی پر متعدد جگھوں پر چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں۔

ایف آئی اے  کے مطابق چھاپوں کے نتیجے میں متعدد پاسپورٹس، لیپ ٹاپ اور دیگر مجرمانہ دستاویزات برآمد ہوئیں،انسانی اسمگلروں کے زیر استعمال بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیئے گئے،ملزمان کے زیر استعمال بینک اکاؤنٹس میں کروڑوں کی ٹرانزکشن کی گئی،ملزمان کی جانب سے رجسٹرڈ کی گئی ڈمی کمپنیوں کے حوالے سے بھی متعلقہ اداروں کو مراسلے جاری کر دیئے گئے۔مذکورہ نیٹ ورک کے دیگر ملزمان کی بھی شناخت حاصل کر لی گئی ہے جن کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں