فرح گوگی کا عمرفاروق اور شاہزیب خانزادہ کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان

فرح گوگی نے عمرفاروق اور شاہزیب خانزادہ کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان
کیپشن: Farah Gogi announced legal action against Omar Farooq and Shahzeb Khanzada(file photo)

ایک نیوز نیوز: گزشتہ کچھ دنوں سے توشہ خانہ کی گھڑی بیچنے کی وجہ سے خبروں میں رہنے والی فوح گوگی نے جوابی وار کرتے ہوئے بڑا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی قریبی سہیلی فرحت شہزادی المعروف فرح گوگی نے دبئی کی کاروباری شخصیت عمر فاروق اور نجی ٹی وی کے اینکر شاہزیب خانزادہ کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ 

فرح گوگی کے وکیل ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور فرح گوگی کیخلاف جھوٹا پراپیگنڈا کرنے کے الزام میں عمر فاروق ظہور اور شاہزیب خانزاہ کے خلاف پانچ ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

ان کے وکیل کا مزید کہنا تھا کہ جھوٹے الزامات لگانے پر فوجداری مقدمات بھی قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے نجی ٹی وی کیخلاف بھی پیمرا اور بیرون ملک کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ 

فرح گوگی کے وکیل کا کہنا ہے کہ ڈرافٹ تیار ہورہا ہے جلد مقدمات کے لیے درخواست دی جائے گی، فرح گوگی سال 2019 میں دبئی گئی ہی نہیں توملاقاتیں کہاں سے ہوگئیں؟

یاد رہے کہ دبئی کی کاروباری شخصیت عمر فاروق نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے عمران خان کو تحفے میں ملنے والی گھڑی 2019 میں فرح گوگی سے دبئی میں خریدی تھی۔