ایک نیوز نیوز: ہائی پروفائل کیسز واپس لینے پر دباؤ کے شکار ایک اور نیب پراسیکیوٹر عہدے سے مستعفیٰ ہوگئے، آر ڈی کلہوڑو سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغاز سراج درانی ، شرجیل میمن اور ڈاکٹر عاصم کے کیسز کی پیروی کر رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے ایک اور سینئرپراسیکیوٹر نے استعفیٰ دے دیا، نیب پراسیکیوٹر آرڈی کلہوڑو نے استعفیٰ چیئرمین نیب کو بھیج دیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ آرڈی کلہوڑو2010 سے نیب پراسیکیوشن میں فرائض انجام دے رہے تھے، ہائی پروفائل کیسز واپس لینے کے لیے نیب پراسیکیوٹر دباؤ کا شکار تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ پراسیکیوٹرز کئی ملزمان کی مخالفت میں دلائل دیتے رہے، ملزمان کے خلاف کیسز واپس لینے کیلئے عدالتوں میں دلائل دینے کا کہا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق آر ڈی کلہوڑوکرپشن کے مختلف مقدمات پر کام کر رہے تھے، آر ڈی کلہوڑو سابق آئی جی غلام حیدر جمالی اور آغاز سراج درانی ، شرجیل میمن اور ڈاکٹر عاصم کے کیسز کی پیروی کر رہے تھے۔
اس کے علاوہ زمینوں کی الاٹمنٹ اور کرپشن سمیت ہائی پروفائل کیسزبھی آر ڈی کلہوڑو کے پاس تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ ہائی پروفائل کیسز کی سندھ ہائی کورٹ اور احتساب عدالت میں پیروی کرتے تھے،آر ڈی کلہوڑو کواعلیٰ کارکردگی پر سابق صدر پاکستان ممنون حسین نے ایوارڈ سے نوازا تھا۔
یاد رہے کچھ عرصہ قبل نیب کراچی سے 2سینئر پراسیکیوٹرز نے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا، نیب پراسیکیوٹر ریاض عالم اور شہبازسہوترا نے استعفے نیب ہیڈکوارٹر ارسال کئے تھے۔
پراسیکیوٹرز ڈاکٹرعاصم، شرجیل میمن، سراج درانی سمیت اہم ترین کیسزکی پیروی کررہے تھے ، دونوں 4سال سےنیب میں فرائض انجام دے رہے تھے۔