ایک نیوز نیوز: شیخوپورہ کے علاقہ مانانوالہ میں کار سوار افراد پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس سے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔
رپورٹ کے مطابق مانا نوالہ میں خالد شہید چوک پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں کار سوار 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہو گئےہیں۔ ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوراً طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال منتقل کردیاہے۔ موقع پر جاں بحق ہونے والےافراد کی پہچان علی بیگ ولد اکرم بیگ 22 سال اور رضوان بیگ ولد لیاقت بیگ 30 سال کے نام سے ہوئی ہے، لاشوں کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ زخمی ہونے والوں میں ساجد ولد محمد اقبال 25 سال اور ملک اسامہ ولد صابر حسین 23 سال شامل ہیں۔
قائم مقام آئی جی پنجاب کنور شاہ رخ نے شیخوپورہ میں کار پر فائرنگ سے دو افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
آئی جی پنجاب نےملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کا حکم دے دیا ہے۔
کنور شاہ رخ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے ۔ سپروائزری افسران مقتولین کی فیملیز کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں ۔ ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔