بلوچستان میں سراج الحق کے قافلے کے قریب خودکش دھماکہ،حملہ آورماراگیا،7کارکن زخمی

May 19, 2023 | 17:12 PM

 ایک نیوز:ژوب میں  جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے قافلے کے قریب خودکش دھماکہ،حملہ آورماراگیا،7کارکن زخمی ہوئے،4کی حالت تشویشناک ہے۔

 جماعت اسلامی کے مطابق امیر جماعت کو قافلے کی صورت میں لے جایا جا رہا تھا کہ خودکش حملہ آور نے اس دوران دھماکہ کیا۔جماعت اسلامی کے 7 کارکنان زخمی ہیں، 4 کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ژوب میں  سراج الحق کے قافلے کے قریب دھماکا ہوا ہے اور دھماکے میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق محفوظ رہے۔

پولیس کے مطابق ژوب میں آج جماعت اسلامی کا جلسہ تھا اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جلسے سے خطاب کرنا تھا۔

ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق آج جماعت اسلامی کا ژوب میں جلسہ تھا، انتظامیہ کی جانب سے جلسے سے قبل کوئی الرٹ جاری نہیں کیا گیا تھا، تمام حالات نارمل تھے جلسے کے انتظامات بھی مکمل تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر ژوب حافظ طارق کا کہنا ہے کہ دھماکے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق دھماکے میں محفوظ رہے، حملے میں معمولی نوعیت کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

دھماکے کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی گاڑی کے قریب کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہے، اس دوران زور دار دھماکا ہوا ہے اور لوگ خوفزدہ ہوکر بھاگتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے امیرجماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے میں خود کش دھماکے کانوٹس لے لیا۔

شہبازشریف کاکہنا تھا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پردل رنجیدہ  ہے۔ میں نے بلوچستان حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ حملے کی تمام زاویوں سے تحقیقات کرے اور اس خوفناک حملے میں ملوث کرداروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ اللّہ پاک  زخمیوں کو جلد اور مکمل صحت یابی عطا فرمائیں۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے چیئرمین اوروزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے سراج الحق کےقافلےکےقریب دھماکےکی مذمت کرتے ہوئے سراج الحق کیلئےنیک تمناؤں کا اظہار کیا ، اورزخمی ہونے والوں کو فی الفورعلاج معالجےکی تمام سہولیات فراہم کرنےکی ہدایت کی۔

بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ دھماکے کی فوری تحقیقات کی جائیں،اوراس کے ذمہ داران کوکٹہرے میں لایاجائے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نےامیرجماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے کے قریب خود کش حملہ کی مذمت کی۔

سابق صدر آصف زرداری کاکہنا تھا کہ امیرجماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے کے قریب خودکش حملے کے منصوبہ سازوں کو گرفتار کیا جائے۔ امیرجماعت اسلامی سراج الحق کے لیئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔دھماکے میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو  نےژوب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے کے قریب دھماکے کی مذمت کی ۔دہشت گردی کے واقعہ میں امیر جماعت اسلامی کے محفوظ رہنے پر اظہار اطمینان  کیا۔

میر عبدالقدوس بزنجو   کا کہنا تھا کہ اللہ کے شکر گزار ہیں جس نے امیر جماعت اسلامی اور انکے ساتھیوں کی حفاظت فرمائی ۔دہشت گردبد امنی پھیلا کر اپنے مزموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں۔

مزیدخبریں