9مئی واقعات: وفاقی کابینہ نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کردی

May 19, 2023 | 15:36 PM

ایک نیوز: وفاقی کابینہ نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے تحت سخت کارروائی کی توثیق کر دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں شرکا نے 9 مئی کے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

وفاقی کابینہ نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے تحت سخت کارروائی کی توثیق کر دی، شرکاء نے شرپسندوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنانے پر زور دیا۔

وفاقی کابینہ کے اراکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے اُن کو اپنے گزشتہ روز کے پاک ایران سرحد کے دورے کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایرانی صدر کی ذاتی دلچسپی اور وزیراعظم کی ذاتی نگرانی میں ایران سے100 میگا واٹ سستی بجلی کی درآمد کا منصوبہ قلیل مدت میں مکمل ہوا جوکہ عرصہ دراز سے التواء کا شکار تھا۔ اس منصوبے سے جنوبی بلوچستان خصوصاً گوادر میں بجلی کی ترسیل یقینی بنائی گئی ہے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ ایرانی صدر نے پاک۔ایران تجارت کے باہمی فروغ میں بھی خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور شمسی توانائی کے شعبوں میں تعاون پر بھی مفید بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وزیر خارجہ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد ایران کا دورہ کرے گا تاکہ اِن امور پر ٹھوس پیشرفت ہو۔

وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو سعودی عرب  کے ساتھ منگل کے روز دستخط کیے گئے  ”روڈ ٹو مکہ“ معاہدے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیاجس سے پاکستانی حاجیوں کی کثیر تعداد مستفید ہوسکے گی۔ اس معاہدے کے تحت اسلام آباد ایئرپورٹ سے 26143  پاکستانی حاجیوں کی امیگریشن کا عمل اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہی ہوگا اور وہ سعودی ایئرپورٹ پر لمبے انتظار سے بچ جائیں گے۔ اس معاہدے پر عمل درآمد کل سے شروع ہوچکا ہے۔ وزیراعظم نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ سعودی حکومت کی معاونت سے آئندہ برس لاہور اور کراچی سے بھی جانے والے عازمینِ حج کو یہ سہولت مہیا ہوسکے گی۔

وفاقی کابینہ نے روالپنڈی میں انشورنس ٹریبونل قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ اس نئے ٹریبونل پر کوئی اضافی اخراجات نہیں آئیں گے بلکہ موجودہ احتساب عدالت نمبر4 کو انشورنس ٹریبونل میں تبدیل کیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز(Cabinet Committee on Legislative Cases)کے 11 مئی  2023  کو منعقد ہونے والے  اجلا س میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔

مزیدخبریں