نیویارک: حادثے میں 20 افراد کی ہلاکت، لیموزین کمپنی کے مالک پر فردجرم عائد

May 19, 2023 | 11:33 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: نیویارک کے دیہی علاقے میں لیموزین کے حادثے میں 20 افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں لیموزین سروس کے مالک کو دوسرے درجے کے قتل کا مجرم قرار دے دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رسا ایجنسی وائس آف امریکا کے مطابق جیوری نے بدھ کے روز نعمان حسین کو 2018 میں ہونے والے حادثے میں مجرم ٹھہرا یا۔ تقریباً دو عشروں میں امریکا میں سڑک پر ہونے والے حادثات میں یہ مہلک ترین تھا۔
نعمان پریسٹیج لیموزین سروس کے مالک ہیں جس کی لیموزین کو سالگرہ کی ایک تقریب میں شریک لوگوں کی جانب سے کرایے پر لیا گیا تھا۔ گاڑی مہمانوں سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھی کہ  نیویارک کے نواحی دیہی علاقے البنی میں اچانک بریک فیل ہو جانے کی وجہ سےوہ پہلے سے کھڑی ہوئی ایک کار اور پھر درختوں سے ٹکرا گئی۔ جس سے ڈرائیور سمیت اس میں سوار 17 مسافر اور دو راہ گیر ہلاک ہو گئے تھے۔
پراسیکیوٹرز کا کہنا تھا کہ نعمان نے جان بوجھ کر گاڑی کی معمول کی انسپیکشن نہیں کروائی تھی جو ریاست کے قوانین کے مطابق ہے اور اسے ایک خاص مدت کے بعد کروانا لازمی ہے۔ اگر وہ گاڑی کا معائنہ کرواتے تو اس کی بریکوں کا نقص سامنے آ جاتا اور حادثہ ہونے سے بچ سکتا تھا۔
وکیلِ دفاع لی کنڈلن کا کہنا تھا کہ گاڑی مرمت کے لیے گئی تھی لیکن مرمت کرنے والوں نے صحیح صورتِ حال نہیں بتائی۔  ورکشاپ پر فردِجرم عائد نہیں کی گئی ، ورکشاپ کا کہنا ہے کہ اس میں ان کا کوئی قصور نہیں تھا۔

مزیدخبریں