اٹلی : طوفانی بارشوں اورسیلاب سےتباہی،ہلاکتوں کی تعداد8 ہوگئی

اٹلی : طوفانی بارشوں اورسیلاب سےتباہی،ہلاکتوں کی تعداد8 ہوگئی
کیپشن: Italy: Destruction by torrential rains and floods, death toll rises to 8

ایک نیوز:اٹلی میں طوفانی بارشوں اورسیلاب نےتباہی مچادی،ہلاکتوں کی تعداد8ہوگئی،ہزاروں متاثرین نقل مکانی کرنےپرمجبورہوگئے۔

تفصیلات کےمطابق اٹلی کےشمالی علاقےایمیلیاں اورروماگنامیں طوفانی بارشوں کےنتیجے میں آنےوالےسیلاب سےکم ازکم آٹھ افرادہلاک اورہزاروں افراداپنے گھروں سےمحفوظ مقام پرمنتقل ہونےپرمجبورہوگئے۔
ایمیلیا،روماگنا کے صدر اسٹیفانو بوناچینی نے فیس بک پر اپنے پیغام میں لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ دریاؤں کے قریب نہ جائیں اور آبی گزرگاہوں کے قریب رہنے والے لوگ اپنے گھروں کی چھتوں یا اوپری منزل پر چلے جائیں۔
ایمیلیا،روماگنا کے نائب صدر آئرین پریولو کاکہناتھاکہ شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کے باعث ہلاک ہونے والے آٹھ افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، بارشوں کی تعداد اب کم ہو رہی ہے لیکن دریا کی سطح اب بھی بلند ہو رہی ہے۔امولا میں اس ہفتے کے آخر میں فارمولا ون ریس کا انعقاد ہونا تھا جہاں یہ مقام بارشوں سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کے قریب واقع ہے لیکن حکومت نے متعلقہ اداروں کے مشورے پر فارمولا ون ریس کو ملتوی کردیا۔
فارمولا ون کے منتظمین کاکہناتھاکہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا کیونکہ ہمارے مداحوں، ٹیموں اور عہدایداروں کے لیے اب ایونٹ کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔امولا کے متعدد جنوبی علاقے زیر آب آ گئے جس کی وجہ سےکئی مقامات پر گاڑیاں زیر آب آ گئیں اور مقامی افراد اپنے گھروں کی چھت پر پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔
غیرملکی میڈیاکےمطابق شہری تحفظ کے وزیر نیلو موسیمچی نے کہا کہ کچھ علاقوں میں صرف 36 گھنٹوں میں اوسطاً اتنی بارش ہوئی ہے جتنی نصف سال میں ہوتی ہے جس کی وجہ سے دریا ابل پڑے اور ہزاروں ایکڑ اراضی زیر آب آ گئی۔
متعدد مقامات پر سڑک اور ریل کے رابطے منقطع ہو گئے ہیں اور بولوگنا سمیت کئی قصبوں اور شہروں کے میئرز نے رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔تاریخی عیسائی ورثے کیلئے مشہور اٹلی کا شمالی شہر ریوینا بھی بارشوں سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔