شہلا رضا ہاکی فیڈریشن کی پہلی خاتون صدر 

Mar 19, 2024 | 22:55 PM

ویب ڈیسک:پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کی تاریخ میں پہلی خاتون صدر منتخب کر لیا گیا ۔

پی ایچ ایف کانگریس کا غیر معمولی اجلاس کراچی میں ہوا،  یہ اجلاس سیکرٹری پی ایچ ایف حیدر حسین نے طلب کیا تھا۔پی ایچ ایف کانگریس اجلاس میں نیشنل بینک اور پاکستان کسٹم کے نمائندگان بھی شریک ہوئے،کانگریس اجلاس میں 64 میں سے 54 ممبران نے شرکت کی۔
پی ایچ ایف کانگریس اجلاس میں متفقہ طور پر شہلا رضا کو  صدر  منتخب کیا گیا، شہلا رضا پاکستان ہاکی فیڈریشن کی پہلی خاتون صدر بن گئیں۔ان کے علاوہ شجاع اقبال پاشا کو سیکرٹری فنانس منتخب کرلیا گیا۔
شہلا رضا اس قبل پی ایچ ایف کی نائب صدر کے فرائض سر انجام دے تھیں۔

رکن قومی اسمبلی شہلا رضا نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی صدر منتخب ہونے بعد وڈیو بیان میں کہا کہ میں تمام کانگریس اراکین کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف سے سیاست کا خاتمہ اور کھلاڑیوں پر توجہ میری پہلی ترجیح ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہاکی کی ترقی ہمارا مشن ہے، ہم ہاکی کو اس کا کھویا ہوا مقام دلائیں گے۔
شہلا رضا نے کہا کہ ہم دوسرے گروپ سے کہتے ہیں کہ ہاکی کو تباہ کرنے کے بجائے اس کی ترقی کا سوچیں، جنرل سیکرٹری اور مشیر کا کام ہے کہ وہ اچھے لوگ لے کر آئیں۔
خیال رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کانگریس کے اہم اجلاس میں شہلا رضا کا بطور صدر انتخاب ہوا، انہیں متفقہ طور پر اس عہدے کیلئے منتخب کیا گیا ہے، دورانِ اجلاس شجاع اقبال پاشا کا بطور سیکرٹری فنانس انتخاب کر لیا گیا۔

مزیدخبریں