پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں پر مزید 3 مقدمات درج

Mar 19, 2023 | 15:21 PM

ایک نیوز: پولیس اہلکاروں پر تشدد اور سرکاری املاک کو جلانے کے الزام پر پی ٹی آئی کارکنان پر مزید 3 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس نے گرفتار 102 ملزمان کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ بھی منظور کروالیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف مزید تین مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ پہلا مقدمہ زمان پارک سے گزرنے والے 2 پولیس اہلکاروں پر تشدد کا درج کیا گیا ہے۔ دہشتگردی کی دفعات کے ساتھ مقدمہ تھانہ ریس کورس  میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کا مدعی تشدد کا شکار کانسٹیبل شفیق کو بنایا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف دوسرا مقدمہ ایلیٹ فورس کی گاڑی جلانے پر دہشتگردی کی دفعات کے ساتھ درج کیا گیا ہے۔ اس مقدمے میں پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں کو نامزد کیا گیا ہے۔ ان دونوں مقدمات میں دہشتگردی، اقدام قتل اور ڈکیتی سمیت سنگین دفعات لگائی گئی ہیں۔ 

تیسرا مقدمہ انسپکٹر ذوالفقار کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ جس میں دہشتگردی، ناجائز اسلحہ، اقدام قتل سمیت سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ سے ڈی ایس پی سمیت 13 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ مقدمہ میں 102 ملزمان کو نامزد جبکہ 76 کو گرفتار کیا گیا۔ 

ایف آئی آر کے متن کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنوں سے 8 رائفلیں، سینکڑوں گولیاں اور پیٹرول بم برآمد کیے گئے۔ پی ٹی آئی کی سینئر قیادت نے علاقہ غیر سے مشکوک مسلحہ افراد بلوا رکھے تھے۔

دوسری جانب عدالت نے زمان پارک پولیس آپریشن میں گرفتار 102 ملزمان کا ایک روزہ ریمانڈ منظور کرلیا۔ عدالت نے کل ملزمان کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ غلام رسول نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی۔ پولیس ملزمان کو سخت سکیورٹی میں لیکر عدالت سے واپس روانہ ہوگئی۔ 

مزیدخبریں