پاکستان اور چین میں دوطرفہ سیاسی مشاورت کا تیسرا دور اختتام پذیر

Mar 19, 2023 | 14:21 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز:  پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا تیسرا دور کامیابی کیساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاک چین دوطرفہ سیاسی مشاورت کا تیسرا دور گذشتہ روز بیجنگ میں منعقد ہوا۔  سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔  چینی وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے کی۔  فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔

ترجمان دفتر خارجہ  کے مطابق فریقین نے سیاسی اور سیکورٹی تعاون، دو طرفہ تجارت، اقتصادی اور مالی تعاون، ثقافتی تبادلے، سیاحت اور عوام کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے اور مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔پاکستان اور چین کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر بات چیت اور تعاون کو مزید مضبوط کریں گے۔

 ترجمان دفتر خارجہ  کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین اعلیٰ سطح کی مصروفیات اور ڈائیلاگ میکنزم کو بھی فروغ دیں گے۔ دونوں ملک مواصلات کے ذرائع کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ سیکرٹری خارجہ نے پاکستان کے معاشی استحکام اور تباہ کن سیلاب کے دوران انسانی امداد کے لیے مسلسل اور فراخدلانہ تعاون پر چینی فریق کا شکریہ ادا کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ  کے مطابق چین کے نائب وزیر خارجہ سن نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اقتصادی سلامتی کے لیے چین کی حمایت کا اعادہ کیا۔دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ملکوں نے افغانستان سمیت اہم علاقائی پیش رفت پر قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 

مزیدخبریں