ایک نیوز :سعودی عرب نےصلح ہونے کے بعد ایران میں سرمایہ کاری کا عندیہ دیدیا ۔
تفصیلات کےمطابق سعودی عرب کے وزیرخزانہ محمدالجدعان نے کہا کہ ایران خیر سگالی کا مظاہرہ جاری رکھے تو وہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
ریاض میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے اور خودمختاری کے باہمی احترام کے صورت میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع تک رسائی میں کوئی رکاوٹ نظر نہیں آرہی۔
انھوں نے کہا کہ سعودی عرب ایران سے طے پانے والے اس معاہدے پر کاربند ہےجس کا اعلان گذشتہ جمعہ کو سعودی مملکت، ایران اور چین کی طرف سے جاری کردہ سہ فریقی اعلامیہ میں کیا گیا تھا۔
چین نےسعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کیلئے اہم معاہدہ کروا یا تھا،سعودی عرب اور ایران نے2 ماہ کے دوران اپنے ملکوں میں سفارتخانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات میں سفیروں کی تعیناتی اور تعلقات کو ازسرنو مضبوط کرنے سے متعلق بھی معاہدہ ہوا تھا ۔