بانی پی ٹی آئی کوہم نےجیل میں نہیں ڈالا اپنے کرتوتوں سے جیل میں ہیں ،احسن اقبال

Jun 19, 2024 | 20:30 PM

ایک نیوز:وفاقی وزیربرائےمنصوبہ بندی احسن اقبال نےکہاہےکہ بانی پی ٹی آئی کوہم نےجیل میں نہیں ڈالاوہ اپنے کرتوتوں سے جیل میں ہیں ۔
تفصیلات کےمطابق وفاقی وزیربرائےمنصوبہ بندی احسن اقبال کالاہورمیں پریس کانفرنس کرتےہوئےکہناتھاکہ عید الاضحی پر جہاں قوم جانوروں کی قربانی کر رہی تھی وہیں ایک سیاسی جماعت نے مذموم مہم چلائی تاکہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو اپنی گھناونی سازش کی بھینٹ چڑھائے ۔ ہماری سیاست میں اتار چڑھاو ہو سکتا ہے لیکن ریاست کے مفادات اور مستقبل سانجھا ہے۔
 وفاقی وزیر کا مزیدکہنا تھا کہ اپنی سیاست کے لئے ریاست کو داو پر لگانے سے ہم ملک دشمنی کر رہے ہوتے ہیں ۔ ایک مخصوص سیاسی جماعت من پسند فیصلے لینے کے لئے عدلیہ کیخلاف ٹرول گردی شروع کر دیتی ہے۔ ایسا ہی فوج اور اپنے مخالفین کیخلاف بھی کر کے دباو ڈالا جاتا ہے ۔ یہ طرز سیاست جمہوری نہیں، اس سے اس جماعت کو کوئی فائدہ نہیں ہو سکتا آپ سیاست ضرور کریں اور پارلیمان میں مکالمہ کریں ۔
احسن اقبال کاکہناتھاکہ سڑکوں پر انتشار کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ بانی پی ٹی آئی کو ہم نے جیل میں نہیں ڈالا وہ اپنے کرتوتوں سے جیل میں ہیں ۔ ہم نے بدترین مارشل لاوں کا سامنا کیا ہے، ہم نے کبھی ریاست کو ملنے والی امداد کو روکنے کی کوشش نہیں کی۔
وفاقی وزیربرائےمنصوبہ بندی کامزیدکہناتھاکہ پاک چین دوستی میں کبھی خزاں نہیں آتی لیکن اس دوستی پر سیاست کرنا کہاں کا انصاف ہے۔ ہمارے دوستوں سے تعلقات میں سردمہری آ چکی تھی ۔ چند ججوں نے اپنی فیملی کے کہنے پر فیصلے کئے جنہوں نے ہمیں 10 سال پیچھے دھکیل دیا۔ پی ٹی آئی کو اپنا طرز سیاست بدلنا ہو گا۔
لیگی رہنماکاکہناتھاکہ ہم جیلوں میں رہے لیکن اپنی سیاست کا نشانہ ملکی اداروں کو کبھی نہیں بنایا۔ ہم اداروں کو کھوکھلا کرینگے تو ملکی دفاع کے لئے کوئی ضمانت نہیں ہو سکتی ۔ اس جماعت نے پاک چین تعلقات سے متعلق آرٹیکل چھپوائے ہیں ۔ وزیراعظم کے دورے کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ بیان کو جامع ترین قرار دیا جا سکتا ہے ۔اب پاک چین تعلقات ہمالیہ کی بلندی کی بجائے ستاروں تک پہنچ چکا ہے ۔ چین کے اشتراک سے سول سپیس پروگرام پر کام جاری ہے ۔ اب چین نے سی پیک کے اگلے مرحلے پر کام پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ کوئی احمق ہی ہو گا جو چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیان کے بعد سفارتی تعلقات میں کمی کے بیان پر یقین کرے گا۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ چینی ترجمان کے مطابق چینی صدر نے کہا ہے کہ پاکستان سے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں اور باہمی تعلقات کو مزید سٹریٹجک تعاون کو مزید گہرا کیا گیا ہے ۔ ترجمان نے مزید کہا ہے کہ چین نے اتفاق کیا ہے کہ سی پیک کو مزید گہرائی تک لے جانا ہے تاکہ پاکستان کی ترقی میں ہم مزید معاونت کر سکیں۔

مزیدخبریں