ایک نیوز:ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی اور پہلے ہی راؤنڈ سے آؤٹ ہونے کے بعد قومی ٹیم شدید تنقید کی زد میں ہے،پاکستان کرکٹ ٹیم کو بنگلا دیش کے خلاف آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے میچ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے ہیں۔
سکواڈ کے لیے سلیکشن کمیٹی نے کپتان شان مسعود اور کوچ جیسن گلیسپی کے ساتھ مشاورت شروع کر دی ہے۔
چیئرمین پی سی بی سید محسن رضا نقوی نے نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کی بات کی ہے جس کے بعد قوی امکان ہے کہ بنگلا دیش کے خلاف ہوم سیریز میں نئے اور نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا۔
فاسٹ بولنگ میں شاہنواز دھانی، عامر جمال، خرم شہزاد، میر حمزہ اور نسیم شاہ کی موجودگی میں حارث رؤف کے نام پر غور نہیں کیا جائے گا ،شاہین آفریدی کو ٹیسٹ سیریز میں آرام دیے جانے کا قوی امکان ہے۔
وائٹ بال ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے حوالے سے بھی اِنہی خطوط پر گفتگو ہوئی ہے، کپتان شان مسعود ہوم سیریز میں وکٹ کیپر محمد رضوان کی جگہ سابق کپتان سرفراز احمد کے ساتھ جانے کی خواہش رکھتے ہیں، بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عبداللّٰہ شفیق، سلمان علی آغا، سعود شکیل ٹیم کے ایسے کھلاڑی ہیں جن کی حتمی 11 رکنی ٹیم میں شمولیت یقینی ہے۔