انڈین گلوکارہ الکا یاگنک قوتِ سماعت سے محروم 

Jun 19, 2024 | 11:17 AM

ویب ڈیسک: انڈین فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگانے والی مشہور ومعروف گلوکارہ الکا یاگنک قوتِ سماعت سے محروم ہوگئیں جسکا انکشاف انہوں نے حال ہی میں اپنے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے کیا۔
الکا یاگنک نے انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی جس پر انہوں نے اپنے ساتھیوں، مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ ہفتے پہلے جب میں اپنی فلائٹ سے باہر آئی تو مجھے اچانک محسوس ہوا کہ مجھے کچھ سُنائی نہیں دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب کئی دنوں بعد میں ہمت کرکے اس حوالے سے مداحوں کو آگاہ کررہی ہوں کیونکہ کئی لوگ فکرمند تھے کہ میں ٹیلی ویژن سے کہاں غائب ہوں۔
گلوکارہ نے بتایا کہ میں نے اپنے ڈاکٹر کو تمام صورتحال کے بارے میں بتایا تو انہوں نے میرے اندر ایک بیماری کی تشخیص کی،اس مرض میں اکثر مریض ایک کان کی قوت سماعت سے محروم ہوجاتے ہیں جب کہ کچھ مریض دونوں کانوں کی قوت سماعت سے بھی محروم ہوجاتے ہیں۔
الکا یاگنک نے مزید کہا کہ اس مرض کی تشخیص نے مجھے بہت پریشان کردیا ہے لیکن تمام دوستوں سے درخواست کروں گی کہ اونچی آواز میں موسیقی سننے اور بہت زیادہ ہیڈ فون لگانے سے گریز کریں تاکہ آپ کو میری طرح کسی مرض میں مبتلا نہ ہونا پڑے۔
 الکا یاگنک کی پوسٹ پر گلوکار سونو نگم سمیت متعدد اداکاروں اور گلوکاروں نے افسوس کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ انہوں نے  16 زبانوں میں گانے ریکارڈ کرائے، الکا یاگنک نے  700 فلموں میں آواز کا جادو جگایا اور انہوں نے کئی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔

مزیدخبریں