ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی 

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی
کیپشن: Rain forecast in different parts of the country

ایک نیوز: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے،بارشوں کا سلسلہ 22 جون تک جاری رہے گا۔
  محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بادلوں کا راج رہے گا،آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے،اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، اٹک، جھنگ، ناروال، سیالکوٹ میں تیز ہوائیں اور بارش کا امکان ہے۔
 ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، اسلام آباد اور گر دو نواح میں مطلع جزوی ابرآلود ہوگا،اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان بھی ہے،خطہ پو ٹھو ہار ، بالائی خیبرپختونخوا ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
عید کے تیسرے روز گرمی کی شدت میں معمولی کمی دیکھی گئی ہے،سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے ،آج کم سے کم 28 اور زیادہ سے زیادہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا،صوبے کے جنوبی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37، قلات میں 34 اور زیارت میں 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
  محکمہ موسمیات کے مطابق ژوب اور چمن میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،تربت میں 49 اور سبی میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ،نوکنڈی میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ،جیونی میں 36 اور گوادر میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔