ایک نیوز: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے بعض کھلاڑی آج صبح سویرے لاہور پہنچ گئے۔
کھلاڑی اور عہدیدار نجی ائیرلائنز کے ذریعے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پہنچے، قومی کرکٹ ٹیم کے واپس پہنچنے والے اراکین میں نسیم شاہ، عثمان خان اور وہاب ریاض شامل ہیں جبکہ کپتان بابر اعظم، حارث رؤف، عماد وسیم، اعظم خان اور محمد عامر ٹیم کے ہمراہ واپس نہیں آئے۔
پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کے سپر 8 راؤنڈ تک رسائی میں ناکام رہی تھی، پاکستان کو پہلے مرحلے کے 2 میچز میں شکست ہوئی تھی جس میں قومی ٹیم کو امریکا سے اپ سیٹ شکست ہوئی جبکہ قومی ٹیم، بھارت سے جیتا ہوا میچ بھی ہار گئی تھی۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 36 ویں میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی تھی۔
فلوریڈا کے لارڈہل میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آئرلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، آئرلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے،آئرلینڈ کا 107 رنز کا ہدف پاکستان کرکٹ ٹیم نے 19 ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
پاکستانی بولرز کے سامنے آئرلینڈ کے کھلاڑی بے بس نظر آئے،شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،دوسرے اوور کی چوتھی گیند پر محمد عامر نے پاول اسٹرلنگ کی وکٹ لی، آئر لینڈ کی چوتھی وکٹ 15 کے سکور پر گری جبکہ 28 پر اسے پانچویں وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا، 32 رنز پر چھٹے آؤٹ ہونے والے کارٹس کمفر تھے انہوں ںے صرف 7 رنز بنا ئے۔
پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی اور عماد وسیم نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عامر نے 2 اور حارث رؤف نے 1 وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز محتاط رہا تاہم 23 رنز پر پہلی وکٹ صائم ایوب کی گری جو 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد محمد رضوان بھی 17 رنز بنا کر کیچ ہوگئے۔
فخر زمان 5 اور عثمان خان 2 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ شاداب خان صفر پر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد عماد وسیم بھی 4 رنز پر آسان کیچ دے بیٹھے۔
پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم 32 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔