خیبرپختونخوا کا4ماہ کے اخراجات پر مشتمل بجٹ تیار

خیبرپختونخوا کا4ماہ کے اخراجات پر مشتمل بجٹ تیار
کیپشن: Khyber Pakhtunkhwa's budget containing 4 months of expenses is ready

ایک نیوز:خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے چار ماہ کے اخراجات پر مشتمل بجٹ تیارکرلیا۔ بجٹ میں اخراجات کا تخمینہ چار سو باسٹھ ارب سولہ کروڑ روپے تجویز کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوانگران حکومت نے 4 ماہ کے اخراجات پرمشتمل بجٹ تیارکرلیا، اخراجات کا تخمینہ 462 ارب 16 کروڑ روپے تجویز کیا گیا ہے، بندوبستی اضلاع کیلئے 402 ارب،61 کروڑ،70 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، قبائلی اضلاع کیلئے 59 ارب، 54 کروڑ، 30 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔

  جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے 112 ارب،11 کروڑ،90 لاکھ روپے ہوں گے،بندوبستی اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے 43 ارب، 33 کروڑ مختص کیے گئے ہیں، مقامی حکومتوں کیلئے 8 ارب، 66 کروڑ، 70 لاکھ روپے رکھنے کی تجویزہے، بندوبستی اضلاع کے اخراجات جاریہ کیلئے 309 ارب، 49 کروڑ مختص ہوئے ہیں۔

کے پی کے بجٹ میں تنخواہوں کیلئے 192 ارب، 97 کروڑ، 80 لاکھ روپے رکھنے کی تجویزہے، پینشن کیلئے 42 ارب 36 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص ہیں، مزدور کی ماہانہ اجرت 26 ہزار سے بڑھاکر 32 ہزار کرنے کی تجویز ہے۔

بجٹ میں گریڈ 1 سے16 تک ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ کیے جا سکتا ہے، گریڈ 17 اوراس سے اوپر کے ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافہ متوقع ہے۔

دستاویز کے مطابق ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں ساڑھے 17فیصد اضافے کی تجویز ہے، ڈیپوٹیشن الاؤنس میں 50 فیصد اضافے کی تجویز ہے، بی آر ٹی کیلئے سبسڈی کی مد میں 1 ارب روپے رکھے جائیں گے۔