ندیم افضل چن کا پنجاب میں پری پول دھاندلی کا الزام 

Jun 19, 2023 | 18:33 PM

ایک نیوز: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما ندیم افضل چن نے پنجاب میں پری پول دھاندلی کا الزام لگا دیا۔

 اسلام آباد میں فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس  کرتے ہوئے ندیم افضل چن کاکہنا تھا کہ  پنجاب میں پیپلز پارٹی مظلوم ہے، صوبے میں جو کام ہو رہے ہیں، وہ دراصل پری پول دھاندلی ہے۔ ہم انتخابات چاہتے ہیں لیکن اسلامی جمہوری اتحاد والا الیکشن نہیں چاہتے ہیں۔

رہنما پیپلزپارٹی ندیم افضل چن کا کہنا تھاکہ چارٹر آف ڈیموکریسی پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو عمل کرنا ہوگا۔ہم صرف صاف شفاف الیکشن چاہتے ہیں۔ان لوگوں کو اپنے جج اور اپنے لوگ لگا کر الیکشن چاہیئں، ایسا نہیں ہوگا۔ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ پنجاب میں جو کچھ ہورہا ہے۔کہاں کونسا بجٹ ضائع کیا جارہا ہے اس پر بات کریں۔

ندیم افضل چن کا مزید کہنا تھا ہم ہر مسئلے کے باوجود اتحادیوں کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں۔آپ "گل کو نا ہی ودھائیں" تو اچھا ہوگا۔لاہور میں جب پیپلز پارٹی کا جھنڈا لہراتا تو بڑوں بڑوں کو تکلیف ہوتی ہے۔یہ تخت لاہور کی لڑائی ہے۔ہم لاہور کی لڑائی میں اپنا حصہ لیں گے۔ہی اور شی کی لڑائی میں ہم حصہ دار نہیں۔اتحاد کی باتیں پارٹی کے اندر کی چیزیں زیر بحث آتی ہیں انہیں پردے میں رہنے دیں ۔

رہنما پیپلزپارٹی ندیم افضل چن کا کہنا تھاکہ تخت لاہور کی جنگ ہے اور ہم بھی دعویدار ہیں، ہم ایسا الیکشن بھی نہیں چاہتے جو 90 کی دہائی جیسا ہو۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کی تقریر کے بعد طوفان برپا ہوا اس کی مذمت کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری اورآصف زرداری لاہور میں بیٹھتے ہیں تو بہت سے لوگوں کو مروڑ اٹھتے ہیں۔

 ندیم افضل چن کاکہنا تھا کہ یونان میں حادثے میں آٹھ دس لوگوں کے فون آئیں ہیں۔ہر گاؤں میں ایجنٹ بیٹھے ہیں ایف آئی اے کو علم ہے۔ہم نے نوجوانوں کو مواقع دینے ہیں، نوجوانوں کو روز گار دینا ہے۔

رہنما پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی کاکہنا تھا کہ یہ درست ہے کہ کابینہ میں بجٹ کے موقع ہر ہمارے ارکان موجود تھے۔بجٹ کے حوالے سے ہمارے تحفظات پر کہا گیا تھا کہ دور کر دئیے جائیں گے۔

مزیدخبریں