دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل جیک ما نے یونیورسٹی میں پڑھانا شروع کر دیا

دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل جیک ما نے یونیورسٹی میں پڑھانا شروع کر دیا

ایک نیوز: ای کامرس کمپنی علی بابا کے بانی جیک ما نے جاپان کی ٹوکیو یونیورسٹی میں پروفیسر کے طور پر پڑھانا شروع کر دیا ہے۔

رپورٹ کے طمابق مئی  میں جیک ما نے ٹوکیو یونیورسٹی کے زیر تحت ٹوکیو کالج میں پروفیسر کے طور پر کام کرنے کی پیشکش قبول کی تھی اور  جون کے وسط میں انہوں نے پروفیسر کا عہدہ باضابطہ طور پر سنبھالتے ہوئے اپنا پہلا لیکچر دیا۔علی بابا کے قیام سے قبل جیک ما ایک انگلش پڑھانے والے استاد کے طور پر کام کرتے رہے تھے۔

ٹوکیو یونیورسٹی میں انہوں نے طالبعلموں کو 2 گھنٹے کا خصوصی لیکچر دیا جس میں فلسفہ اور کامیابی کے اصولوں پر بات کی گئی۔جیک ما نے جاپان، چین، بھارت، ملائیشیا اور دیگر ممالک کے طالبعلموں کو لیکچر دیا۔

 یونیورسٹی کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ جیک ما کالج کے مشیر کی حیثیت سے خدمات سر انجام دیں گے جبکہ کانفرنسز کا حصہ بھی بنیں گے۔اس کے علاوہ جیک مایونیورسٹی کے عملے کے ساتھ زراعت اور خوراک کی پیداوار کے موضوعات پر تحقیق بھی کریں گے۔جیک ما 34 ارب ڈالرز سے زیادہ کے مالک ہیں اور طویل عرصے سے عوام کی نظروں سے دور ہیں۔

2020 میں ان کی جانب سے چین کے بینکنگ ریگولیٹرز پر تنقید کی گئی تھی جس کے بعد حکام نے ان کے آنٹ گروپ کے مجوزہ 37 ارب ڈالرز کے آئی پی او کو روک دیا تھا۔ملازمت اختیار کرنے سے قبل بھی جیک ما نے کافی وقت جاپان میں گزارا تھا اور رواں سال جنوری میں آنٹ گروپ کے کنٹرول سے دستبردار ہو گئے تھے۔

جیک ما ٹوکیو یونیورسٹی میں 31 اکتوبر تک اپنے فرائض ادا کریں گے۔اپنے پہلے لیکچر کے بعد وہ چین واپس آئے اور اپنی کمپنی کے ایک ایونٹ میں شریک ہوئے۔