ایک نیوز:لاہورہائیکورٹ نےمارکیٹ کمیٹی کےبرطرف عہدیداروں کوتاحکم ثانی عہدوں پر بحال کرتے ہوئےحکومت پنجاب اور چیئرمین زرعی مارکیٹنگ ریگولیڑی اتھارٹی سے جواب طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں مارکیٹ کمیٹیوں کے چئیرمینوں کی عہدوں سے برطرفیوں کےخلاف درخواست کی سماعت ہوئی،جسٹس راحیل کامران شیخ نے کیس کی سماعت کی۔
درخواست گزار حماد خان نیازی کےوکیل صفدر شاہین پیرزادہ نے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ مارکیٹ کمیٹیوں کےچئیرمینوں کا عہدہ کی مدت قانون میں متعین ہے۔3سالوں کےلئے تعینات ہونے والے مارکیٹ کمیٹی کےچئیرمینوں کو غیر قانونی طور پر برطرف کردیاگیا۔قانون کےتحت برطرف نااہلی، بدانتظامی یاکرپشن کی بنیاد پر ہی ہوسکتی ہے۔مارکیٹ کمیٹی کےچئیرمینوں کو وجہ بتائے بغیر اور قانونی جواز کےبغیر ہٹا دیاگیا۔
موقف میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت غیر قانونی طور پر برطرف چئیرمینوں کو عہدوں پربحال کرنے کاحکم دے۔
بعد ازاں عدالت نے مارکیٹ کمیٹی کےبرطرف عہدیداروں کوتاحکم ثانی عہدوں پر بحال کردیا،عدالت نے حکومت پنجاب،چئیرمین زرعی مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی سے20 جون کو جواب طلب کرلیا۔