ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے 25 ارب روپےکی منظوری دے دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 25 ارب کی رقم سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد پر خرچ ہوگی، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جمعے کو پیپلز پارٹی کے وفد سےملاقات کے دوران اس حوالے سے فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی۔
واضح رہےکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سوات میں جلسے سے خطاب کے دوران وزیر اعظم سے بجٹ میں وعدے پورے نہ کرنےکا شکوہ کرتے ہوئےکہا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے پیسہ نہ ملا تو پیپلز پارٹی بجٹ منظور نہیں ہونے دےگی۔
اپنے خطاب کے دوران بلاول بھٹو نے وزیراعظم اور ان کی معاشی ٹیم پر دوہرے معیار کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کچھ اور بجٹ میں کچھ اور سامنے آیا ہے۔ اس وقت ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا، وزیراعظم اپنی ٹیم میں شامل ان لوگوں سے ضرور حساب لیں جو وعدے پورے کرنے میں رکاوٹ ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ ہمیں وزیراعظم کی نیت پر شک نہیں، انہوں نے سیلاب کی تباہی دیکھی، وہ سیلاب متاثرین سے کیے گئے وعدے پورے کریں۔ ہم عوام کا خیال رکھتے ہیں جب کہ دوسری جماعتیں مخصوص افرادکا خیال رکھتی ہیں۔
نارووال میں میں تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو کی وزیر اعظم شہباز شریف کو وارننگ پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بجٹ کی تیاری میں تمام اتحادیوں کو شامل کیا گیا تھا۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ہر فیصلہ اتفاق رائے سے کیا جائے۔