کشتی حادثےمیں ملوث ایجنٹ محمد شبیر گرفتار،FIAکی مدعیت میں مزید3 مقدمات درج

کشتی حادثےمیں ملوث ایجنٹ محمد شبیر گرفتار،FIAکی مدعیت میں مزید3 مقدمات درج

ایک نیوز: پاکستان میں انسانی اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن تیزہوگیا۔ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں ملوث ایجنٹ محمد شبیرکو گرفتار کرلیا اور مزید 3 مقدمات تھانہ گجرات اور ایک گوجرانوالہ میں درج کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گرفتارایجنٹ محمد شبیر نے متاثرہ شہریوں کو یورپ بھجوانے کے لئے پیسے وصول کئے۔ایجنٹ کا تعلق وزیرآباد سے ہے۔ایجنٹ نے فی کس 23 لاکھ روپے مختلف لوگوں سے وصول کئے۔

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات نے کراچی ائرپورٹ سے آف لوڈ ہونے والے ملزم کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا۔ملزم ساجد محمود نے یونان کشتی حادثے کے متاثرہ کو یورپ بھجوانے کے لئے پیسے بٹورے،اس سے پہلے ملزم کے خلاف لیبیا کشتی حادثے کے حوالے سے بھی مقدمہ درج تھا۔

ملزم کو گزشتہ روز کراچی ائرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ملزم گزشتہ کئی ماہ سے روپوش تھا۔ملزم نے گزشتہ روز کراچی ائرپورٹ سے آذربائیجان فرار ہونے کی کوشش کی۔ملزم کا نام امیگریشن بلیک لسٹ میں شامل تھا۔ملزم کا تعلق منڈی بہاوالدین سے ہے۔

ملزم نے یونان کشتی حادثے کے متاثرہ کو یورپ بھجوانے کے لئے 25 لاکھ روپے وصول کئے۔ملزم کے خلاف اندارج مقدمہ کی درخواست متاثرہ کے بھائی کی جانب سے دی گئی۔ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب ایف آئی اے نے کشتی حادثے کے 3 مقدمات اپنی مدعیت میں درج کیے ہیں جبکہ ایک مقدمہ حادثے میں زندہ بچنے والے عظمت خان کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا ہے۔ ایف آئی اے گجرات کے 3 مقدمات میں 12 انسانی اسمگلرز کو ملزمان نامزد کیا گیا ہے جبکہ گوجرانوالہ کے مقدمے میں 5 انسانی اسمگلرز کو نامزد کیا گیا ہے۔

نامزد انسانی اسمگلرز میں آصف سنیارا، میاں عرفان، ساجد وڑائچ اور ریاست کے نام شامل ہیں۔اس کے علاوہ نامزد ملزمان میں رانا نقاش، ندیم اسلم اور محمد اسلم کے نام بھی شامل ہیں۔