تفصیلات کے مطابق بارش کے بعد موسم خوشگوارہوگیا جبکہ متعدد علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوا۔ پنڈی کی نشیبی آبادی لالہ زار میں برساتی پانی جمع ہونے سے چار گاڑیاں ڈوب گئیں۔
وہاڑی میں چھتیں گرنے کے واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوئے۔ گجرات اورگردونواح میں بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے،بنوں اور مردان میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔
اسکردوشہراورگردونواح میں بارش اورپہاڑوں پربرف باری سے موسم سردہوگیا،بارش کے باعث کراچی سے جانے والی پرواز لینڈ نہ کرسکی، دو پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔
دوسری جانب بلوچستان کےمختلف شہروں میں بارشوں سے سیلابی صورتِ حال پیدا ہوگئی ہے۔ بارکھان میں عیشانی باڈیانی ڈیم اوورفلو ہوگیا، ڈیرہ بگٹی کے بازار میں بارش کا پانی جمع ہونے سے گاڑیاں ڈوب گئیں۔
موسیٰ خیل میں بارشوں کے بعد سیلابی منظرہے،بارکھان کی گلیاں پانی میں ڈوب گئی ہیں جبکہ پانی کا بہاؤ تیز ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
شیرانی کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث برساتی نالے بپھرنے سے خیبرپختونخوا کے ساتھ رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں۔
سوناری پُل بہہ جانے سے کوہلو، کوئٹہ، ڈیرہ بگٹی شاہراہ بند ہوگئی ہے، مشرقی بلوچستان کے برساتی نالوں میں سیلابی ریلے لسبیلہ کی جانب بڑھنے لگے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔