ویب ڈیسک:دنیا کے کئی ممالک میں بڑے پیمانے پر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سسٹم میں خرابی پیدا ہو گئی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق دنیا کے کئی ممالک میں بڑے پیمانے پر آئی ٹی سسٹم میں خرابی پیدا ہوگئی ہے جس کے باعث پینکس، ایئر لائنز، ایئرپورٹس، میڈیا آؤٹ لیٹس میں کام شدید متاثر ہوا ہے۔
سڈنی، بارسلونا، میڈریڈ اور برلن ایئرپورٹس پر کئی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ نیدرلینڈز، چیک ری پبلک کے دارالحکومت پراگ میں بھی پروازوں کی روانگی متاثر ہوئی ہے۔
برطانیہ میں ایئر لائنز متاثر اور متعدد پروازوں کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے، اسکائی نیوز آف ایئر ہوگیا ہے اور بیشتر ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔
امریکی ایئرلائنز، یونائیٹڈ اور ڈیلٹا ایئر لائنز نے پروازیں گراؤنڈ کر دی ہیں جبکہ ایڈنبرا ایئرپورٹ کا ڈیپارچر بورڈز فریز اور بعض مسافروں کی پروازیں چھوٹ گئی ہیں۔
آسٹریلوی وزیر داخلہ کے مطابق گلوبل سائبر سیکیورٹی فرم کراؤڈ اسٹرائیک ونڈوز کے کریش ہونے کی رپورٹس ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مائیکرو سافٹ آئی ٹی سسٹم میں خرابی سے کئی ممالک میں پروازیں، ٹرین سروس ودیگرسہولتیں متاثر ہیں، اس حوالے سے مائیکرو سافٹ کا کہنا ہے کہ آئی ٹی سسٹم میں خلل اور اثرات سے نمٹنے کے لیے کام جاری ہے۔
ترجمان اے سی سی اے کے مطابق اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے اور کسی بھی ایئر لائن نے تاحال فلائٹ آپریشن میں کسی مشکل کی شکایت نہیں کی ہے۔