حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان مذاکرات کامیاب 

Jul 19, 2024 | 17:13 PM

ایک نیوز:تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی) اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے،مذاکرات کی کامیابی کے بعد ٹی ایل پی نے فیض آباد پر جاری دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق وزیراعظم  کے   مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ، وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ، اسلام آباد انتظامیہ اور تحریک لبیک کے رہنماﺅں نے پریس کانفرنس  کی، اس موقع پر رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا  تحریک لبیک فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف احتجاج پر موجود ہے، حافظ سعد رضوی کے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی امداد اور اسرائیل کی مذمت کے حوالے سے مطالبات تھے۔  

مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ   نے کہا حکومت فلسطین کے مسلمانوں کی مدد کے لئے اپنی کاوشیں بلا تعطل جاری رکھے گی، تحریک لبیک بھی ان کوششوں میں اپنی معاونت فراہم کریں گے، حکومت 31 جولائی سے پہلے فلسطین کے لئے امداد کی کھیپ روانہ کرے گی، ایک ہزار ٹن سے زائد خوراک اور دیگر امدادی سامان غزہ بھجوایا جائے گا۔  

غزہ پر حملے کے بعد اسرائیل دہشت گرد ملک کے طور پر سامنے آیا ہے، اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے، اسرائیل نے معصوم فلسطینیوں کو نشانہ بنایا، نیتن یاہو دہشتگرد ہے، ہمارا اقوام عالم سے مطالبہ ہے کہ اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، مسلم امہ سمیت پوری دنیا کو فلسطین میں مظالم بند کروانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔  

ان کا مزید کہنا تھا اسرائیل سے متعلقہ مصنوعات اور پروڈکٹس اور اسرائیلی کمپنیوں کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے گا، اس حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے،   ٹی ایل پی کے دوستوں کے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے جذبے کو سراہتے ہیں۔  

مزیدخبریں