ایک نیوز:چکوال میں بارش کی وجہ سے ٹریفک میں پھنسے کیری وین میں بچی کی پیدائش ہوگئی تاہم ریسکیواہلکاروں نے زچہ بچہ کو باحفاظت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال منتقل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چکوال کے نوائی علاقے کرسال سے مدد کے لیے ریسکیو سٹیشن چکوال آیا جو کہ اپنی زوجہ کو ڈلیوری کیس کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال لے کر جا رہا تھا لیکن تیز بارش کی وجہ سے گاڑی پانی کے اندر ٹریفک میں پھنس گئی جس پر فوری طور پر 2 فیمیل ریسکیو اہلکاروں (ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن) کو روانہ کیا گیا جبکہ مریضہ کو لیبر پین شروع ہو چکی تھی،ریسکیو اہلکاروں نے وقت ضائع کیے بغیر گاڑی کو پانی سے نکال کر محفوظ مقام تک پہنچایا اور 20 منٹ کے دورانیہ میں ڈلیوری کروا دی۔
ریسکیو سٹیشن کے سامنے پانی کا بہت زیادہ بہاؤ ہونے کی وجہ سے ایمبولنس پہنچنا ممکن نہ تھا جبکہ اسی دوران اسسٹنٹ کمشنر بختیار اسماعیل کا گزر ہوا جس پر انہوں نے گاڑی کو روک کر صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ریسکیو اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے زچہ بچہ کو باحفاظت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال منتقل کر دیا۔