ایک نیوز: وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی مقررہ مدت سے ایک دو روز پہلے تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم نگران وزیراعظم کا نام ابھی فائنل نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق وزیردفاع نے کہا کہ نگران وزیراعظم کا نام ابھی فائنل نہیں ہوا ہے۔ نوازشریف کو انتخابات سے پہلے واپس آنا چاہیے، لیکن ہمیں گڈٹوسی یو والے رویے سے خطرہ ہے۔خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ عدلیہ میں موجودہ سیٹ اپ کے ہوتے ہوئے نواز شریف کی واپسی کا خطرہ مول نہیں لینا چاہیے۔ یہ لوگ جاتے جاتے انہیں کوئی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ روز قومی اسمبلی کی تحلیل اور نگراں سیٹ اپ کے معاملے پر وزیراعظم شہبازشریف اور پیپلزپارٹی کی قیادت میں اہم مشاورت ہوئی۔ اعلامیہ کے مطابق آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں عام انتخابات اور سیاسی حکمت عملی پر بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار اور ایاز صادق بھی موجود تھے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ اسمبلی تحلیل کے معاملے پر وزیراعظم نے پی ڈی ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ اتحادی جماعتوں کا اجلاس رواں ہفتے بلائے جانے کا امکان ہے۔جس میں قومی اسمبلی کی تحلیل کیلیے تاریخ کا تعین کیے جانے کا امکان ہے۔