ملک بھر میں موسلادھاربارشیں،نشیبی علاقے زیرآب،3افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق

 ملک بھر میں موسلادھاربارشیں،نشیبی علاقے زیرآب،3افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق
کیپشن: ملک بھر میں موسلادھاربارش،نشیبی علاقے زیرآب

ایک نیوز: مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا،لاہور میں کرنٹ لگنے سے 2بچوں سمیت 6افراد جان کی بازی ہار گئے۔برساتی نالے بپھر گئے،برساتی نالے بند ، پانی سڑکوں پرآگیا، آئیسکو کے 40 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔

لاہور کے علاقے دھوبی محلہ چرر پنڈ میں کرنٹ لگنے سے دو بچے جاں بحق، ایک زخمی ہوا ۔ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر کانوٹس ،فوری اے سی کینٹ کو دھوبی محلہ چرر پنڈ پہنچنےکی ہدایت کردی۔

ترجمان ڈپٹی کمشنر کے مطابق بچے بارش کے پانی میں نہا تی ہوئے قریبی کھمبے میں آئے کرنٹ کی زد میں آئے۔ 8 سالہ زبیر اور 12 سالہ فیضان موقع پر جاں بحق، 10 سالک ظہیر زخمی ہے۔ زخمی بچے کا جنرل ہسپتال میں علاج جاری ہے۔اے سی کینٹ زخمی بچے کو ہر ممکن طبی سہولت کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

لاہور کے علاقے ہربنس پورہ کے علاقہ میں 30 سالہ نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا،ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ نوجوان کی شناخت ابھی تک نہ ہوسکی ،سوئچ بورڈ سے کرنٹ لگا اور نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلادھاربارش سے جل تھل ایک ہوگیا،نشیبی علاقے زیرآب آگئے،سب سے زیادہ بارش قرطبہ چوک 18 ملی میٹر اور 15 ملی میٹر گلبرگ میں ریکارڈ ہوئی۔لاہور ائیرپورٹ پر  6 ملی میٹر اور جیل روڈ پر 8 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی،مغل پورہ میں 7 ملی میٹر اور تاجپورہ 5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔گلبرگ میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ جبکہ گلشن راوی،جوہر ٹاؤن میں  بارش نہیں ہوئی۔

کینال روڈ،ایم اے او کالج،اسلام پورہ،بند روڈ،شیرا کوٹ اور ملت پارک میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔کریم پارک، کرشن نگر،سنت نگر، دیو سماج روڈ اور داتا دربار  بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔مولا بخش چوک،انار کلی، ساندہ ،ملت روڈ،شبلی ٹاؤن،سگیاں پل کارپوریشن چوک اور سیکرٹیریٹ سے ملحقہ علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

سرائے عالمگیر میں طوفانی بارش سےتباہی

سرائے عالمگیر میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی ہے،شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں سیلاب آ گیا،موسلادار طوفانی بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے،مجیدہ آباد، نتھیاں قریشیاں، پرانی ریلوے لائن سمیت کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں،نواحی علاقے جگو, کنارہ اور لس گاؤں کو ملانے والی مین روڈ برساتی نالے میں بہہ گئی،تین دیہاتوں کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے،پانی گھروں میں داخل، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہورہے ہیں،انتظامیہ کی جانب سے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے گئے،لاکھوں روپے مالیت کا سیوریج منصوبہ بھی کس کام نہ آیا۔

ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ شمس آباد  کے مقام پر 188 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،چکلالہ  کے مقام پر 110 اور کچہری 79 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اسلام آباد میں بوکرہ 138 ملی میٹر ،گولڑہ 102 زیرو پوائنٹ 98 ملی میٹر  جبکہ اسلام آباد میں ایئرپورٹ کے مقام پر 64 اورسید پور میں 44 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شجاع آباد اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری ہے،بارش کے باعث بجلی معطل متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے،بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا،موسم خوشگوار ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق احمدپورشرقیہ،پسرور،چکوال،اٹک،پھالیہ،کلرکہار ،پنڈدادن خان،علی پور،ساہیوال،سرگودھا،صوابی جبکہ سالم اور گردونواح میں بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے،بارش سےنشیبی علاقےزیرآب آگئے،بازاروں اور گلیوں میں  پانی  بھر گیا،برساتی نالےکاپانی سڑک پر آنےسےٹریفک کی روانی متاثر ہوئی،کلاسوالہ، چونڈہ، کنگرہ،میں جل تھل ایک ہوگیا۔بارش کے شروع ہوتے ہی مختلف شہر وں میں اکثر فیڈز ٹرپ کرگئے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جہلم میں باران رحمت شہریوں کیلئے زحمت بن گئی،جہلم کے گلی محلے تلاب میں تبدیل گھروں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کی مٗشکلات میں اضافہ جبکہ پانی کو نکالنے کے بندوبست نہ ہوسکے۔ایم سی عملہ غائب ،شہری اپنی مدد آپکے تحت پانی نکالنے پر مجبور ہوگئے۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ کراچی میں کل سے بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے،21 جولائی کو شہر قائد میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش ہو سکتی ہے،اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کا امکان ہے، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، ٹنڈو الیہار، مٹیاری میں تیز بارش کا امکان ہے۔اندرون سندھ گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

وادی نیلم/ مون سون بارشوں کےسلسلے میں تیزی 

وادی نیلم میں تیز بارشوں سے شاہراہ نیلم ,مظفر آباد کی حدود میں بند مسافر پھنس گئے۔تیز بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی سے مال مویشی ہلاک جبکہ فصلیں تباہ ہوگئیں۔دریائے نیلم کے بہاؤ میں بڑے پیمانے پر اضافہ دیکھا گیا ہے۔

بارشوں کے باعث گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا،موسم خوشگوار جبکہ مون سون بارشوں سے لینڈ سلائیڈز کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نیلم کا کہنا ہے کہ مقامی لوگ اور سیاح غیر ضروری سفر نہ کریں،کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں ڈی ڈی ایم اے پوری طرح الرٹ ہے۔

آئیکسوکے متعدد فیڈرزٹرپ اورفالٹ رپورٹ

آئیسکو کے تمام آپریشن سرکل کی حدود میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے آئیسکو کے 40 سے زائد فیڈرز کے ٹرپ کرنے اور فالٹ کی رپورٹ سامنے آئی۔

ترجمان آئیسکو کے مطابق متاثرہ فیڈرز میں لوہی بھیر، ایف سیون ون، اپر ٹوپہ،گلبرگ 5، سروس روڈ،ریڈیو پارک جنڈ سٹی اور فتح جنگ شامل ہیں۔

اے بلاک جھنگی،سیداں ڈھوک حسو،غریب وال، لال کرتی،لالہ زار پر بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، آپریشن ٹیمیں متاثرہ فیڈرز پر بجلی بحال کرنے کے لیے مصروف عمل ہیں۔

آئیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث بجلی بحالی کی کارروائیوں میں فیلڈا سٹاف کو مشکلات کا سامنا ہے،شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران بجلی کی تاروں، کھمبوں ور دیگر تنصیبات سے دور رہیں۔

ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شارٹ سرکٹ سے محفوظ رہنے کے لیے بجلی وائرنگ درست کروائیں،بجلی نہ آنے کی صورت میں شہری شکایات کے اندراج کے لیے ہیلپ لائن نمبر 118 پر رابطہ کریں۔

لیسکو کاالرٹ جاری

ترجمان لیسکو  کے مطابق  لیسکو ریجن کےمختلف علاقوں میں طوفانی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے،شدید بارش کے باعث لیسکو کے 45 فیڈرز  سے بجلی کی سپلائی عارضی طور پر معطل ہوئی ہے، لیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر فیلڈ اسٹاف کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔بارش کی شدت میں کمی کے ساتھ ہی بجلی بحالی کا عمل شروع کردیا جائے گا۔

ترجمان لیسکو  کے مطابق لیسکو صارفین سے التماس ہے  کہ خراب موسم  کے  دوران خود کو اپنے  بچوں کو اور  اپنے جانوروں کو بجلی کی تنصیبات سے دور رکھیں۔کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں  فی الفور  لیسکو کے عملے کو مطلع کریں۔ لیسکو ریجن میں خراب موسم کے پیش نظر لیسکو انتظامیہ کی معزز صارفین سے تعاون کی اپیل ہے۔