ایک نیوز: ملکی معاشی ترقی کا ایک اور تابناک باب رقم ہونے کے در پہ - SIFC کا اہم جُز “آئی ٹی” نئی جہت کے ساتھ روشن مستقبل کی سمت کوشاں ہے۔ ایس آئی ایف سی کا اہم جز آئی ٹی ملکی معاشی انقلاب کی جانب تیزی سے کوشاں ہے۔
اس سلسلے میں سرینا ہوٹل اسلام آباد میں 20 جولائی کو ایک شاندار آئی ٹی سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔ سیمینار میں بین الاقوامی مندوبین اور سرمایہ کار بھی شرکت کریں گے۔
گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر اور خلیجی ممالک، چین اور یورپی یونین کے سفارتکار اور آئی ٹی کے شعبے سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔ سیمینار کا بنیادی مقصد پاکستان میں آئی ٹی شعبے کی استعداد اور صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہےتاکہ ملکی سرمایہ کاری کو دوام بخشا جاسکے۔
سیمینار کا انعقاد اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے زیر اہتمام معاشی ترقی کے بحالی منصوبے کی ایک کڑی ہے۔ 6 لاکھ سے زائد آئی ٹی ملازمین، 30 سے زائد آئی ٹی پارک اور 190 ممالک میں آئی ٹی برآمدات کی بدولت پاکستان آئی ٹی شعبے میں نمایاں ابھرنے والے ممالک کا درجہ رکھتا ہے۔
پاکستان میں آئی ٹی شعبے سے منسلک برآمدات کی پیداواری قیمت دیگر ممالک کے مقابلے میں 70 فیصد کم ہے۔ آئی ٹی شعبے میں انقلاب ملکی معیشت کے دیگر شعبوں میں بھی ترقی کا باعث بنے گا۔ سیمینار کے اختتام پر چند اسٹارٹ اپ منصوبوں کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔