ایک نیوز: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہےکہ 90 دن آخری حد ہے اور الیکشن 60 دن میں بھی ہوسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ 90 دن کا مطلب یہ نہیں کہ الیکشن اسی دن ہوں، الیکشن 70 یا 60 دن میں بھی ہوسکتے ہیں۔ 90 دن الیکشن کی ایک آخری حد ہے، مطلب اس کے اندر ہی ہوں گے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل ہوں گی،چاروں صوبائی اور قومی اسمبلی کا الیکشن ایک دن ہوگا۔ الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، صاف اور شفاف الیکشن کے لیے ایک ایسا بندہ ہو جس پر سب کو اعتماد ہو۔
خیال رہےکہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست رات 12 بجے تک ہے۔ اسمبلی مدت سے قبل تحلیل ہونے پر عام انتخابات کروانے کیلئے نگران سیٹ اپ 90 دن کے لیے آئےگا۔13 جولائی کو قوم سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے اگست 2023 میں معاملات نگران حکومت کے حوالے کرنےکا اعلان کیا تھا۔اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ 12 اگست 2023 کو ہم معاملات نگران حکومت کے سپردکر دیں گے۔