ایک نیوز:ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان کئی دو طرفہ معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں، یہ دستخط حال ہی میں سعودی عرب کا دورہ کرنے والے ترک صدر رجب طیب اردوان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان میں باضابطہ بات چیت کے دوران ہوئے۔ دونوں فریقوں نے توانائی، دفاعی صنعت، تحقیق اور ترقی کے شعبوں میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے ترکیہ کی دفاعی کمپنی ’‘ بایکر’’ کیساتھ دو معاہدوں پر دستخط کیے۔ سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ وزارت دفاع اور بایکر کے درمیان دو حصول کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت وزارت ڈرونز حاصل کرے گی۔ اس کا مقصد مملکت کی مسلح افواج کی تیاری کو بہتر بنانا اور اس کی دفاعی اور مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سرکاری بات چیت کے دوران سعودی اور ترکیہ کے رہنماؤں نے سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور ان کے درمیان تعاون کے ذرائع اور مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے مواقع پر غور کیا۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترک صدر نے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفتوں اور ان معاملات کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت شروع ہونے سے قبل ولی عہد نے سرکاری استقبالیہ تقریب میں اردوان کا استقبال کیا۔