ایک نیوز: پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی وفاق کے ساتھ تحلیل کرنے پر اتفاق کرلیا، سندھ اسمبلی بھی 8 اگست کو تحلیل کرنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی 8 اگست کو تحلیل کئے جانے کا امکان ہے ، پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی وفاق کے ساتھ تحلیل کرنے پر اتفاق کرلیا۔
ذرائع صوبائی اسمبلی کا کہنا ہے کہ 7 اگست تک اسمبلی مدت کے کام مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے اور سیکرٹری اسمبلی کو اہم ہدایات مل گئیں ہیں۔
سندھ اسمبلی کا الوداعی اجلاس اگست کے پہلے ہفتے میں ہوگا، 7 اگست تک اراکین صوبائی اسمبلی کا فائنل فوٹو سیشن ہوگا اور تمام ارکان کوکارکردگی سرٹیفکیٹ دیئے جائیں گے، سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ نے آخری دنوں کا کا شروع کردیا ہے۔
اس سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی 8اگست کو تحلیل کر دی جائے گی ، قومی اسمبلی کی تحلیل کی سمری صدر مملکت کو ارسال کی جائے گی۔
آئینی ماہرین کا کہنا ہے کہ صدر مملکت نے دستخط نہ کیے تو 48 گھنٹے میں اسمبلی خود بخود تحلیل ہو جائےگی۔
خیال رہے حکومت کی مدت 12 اگست رات بارہ بجے تک پوری ہوگی، قبل از وقت اسمبلی تحلیل کیے جانے سے یہ بات واضح ہے کہ انتخابات کا انعقاد 90 روز میں ہوگا کیونکہ مدت پوری ہونے کے بعد اسمبلی تحلیل کیے جانے پر آئینی لحاظ سے انتخابات 60روز کے اندر کروانے ہوں گے۔