کراچی(محمد قربان) پاکستان کے معروف لکھاری اور مزاح نگار انور مقصود کے لکھے گئے تھیٹر " ساڑھے 14اگست" کو یوم آزادی کے دن پیش کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق کاپی کیٹ پروڈکشن نے انسٹاگرام پر "ساڑھے 14اگست "کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اس تھیٹر کو یوم آزادی کے دن سے کراچی کے آرٹس کونسل میں پیش کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ فوٹوگرافر مہاتما گاندھی اور قائداعظم کو ایک دوسرے کے قریب ہونے کا کہتے ہیں تاکہ ان کی تصور اچھی آئے ، جس پر قائد اعظم مزید قریب ہونے سے معذرت کرتے ہیں۔اسی دوران ٹیزر میں فوٹوگرافر انور مقصود کو ان کے درمیان میں آکر بیٹھنے کا کہتے ہیں اور اسی دوران ہی فوٹوگرافر ان کی تصویر کھینچ لیتا ہے۔تھیٹر پلے کی کہانی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انور مقصود نے کہا کہ اس کھیل میں ایک شخص نے قائداعظم اور گاندھی پر مقدمہ دائر کیا ہے کہ تقسیم کے بجائے اگر یہ ایک ہی ریاست رہتی تو کتنا اچھا ہوتا۔