ایشین باڈی بلڈنگ چیمپین شپ، پاکستان کی بھارت کو شکست

Jul 19, 2022 | 13:39 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز نیوز: ایشین باڈی بلڈنگ چنمپئن شپ میں پاکستان نے 3 میڈلز اپنے نام کرلیے۔ 

پاکستان کے شہزاد قریشی نے 54 ویں ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں ماسٹر کلاس 80 کلوگرام+ کیٹیگری میں ہندوستانی ہم منصب نریش کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ماسٹر کلاس کیٹیگری کے آخری مرحلے میں پاکستان کے شہزاد قریشی، ازبکستان کےعمراوربھارت کے نریش کے درمیان مقابلہ ہوا۔ جس میں شہزاد کے پوز کو بہترین قرار دیا گیا اور انہیں گولڈ میڈلسٹ قرار دیا گیا۔ شہزاد نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت کر خوش ہوں۔

 باڈی بلڈر نے مزید کہا، میں نے اس مرحلے تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کی۔ جب میں گولڈ میڈل حاصل کر رہا تھا پاکستان کا قومی ترانہ چل رہا تھا اور میں اس وقت سے اپنے جذبات کی وضاحت نہیں کر سکتا۔

دوسری جانب پاکستان کے عمر شہزاد نے جونیئر 70 کلوگرام+ کیٹیگری میں سلور میڈل حاصل کیا۔ عمر شہزاد نے سلور جبکہ ہندوستان کے سریش بالا کمار نے طلائی تمغہ جیتا ۔ ایک ویڈیو میں بات کرتے ہوئے عمر شہزاد نے پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں یہ موقع فراہم کیا۔ مجھے خوشی ہے کہ میں نے پاکستان کے لیے یہ تمغہ جیتا ہے۔ میرے پیچھے بہت محنت اور قربانیاں ہیں لیکن الحمدللہ اس کامیابی نے مجھے بے پناہ اعتماد دیا ہے۔

فضل الٰہی نے ماسٹر کلاس 80 کلوگرام پلس کیٹیگری میں چھٹی پوزیشن حاصل کی۔  محمد عظیم نے ماسٹر کلاس 70 کلوگرام پلس کیٹیگری میں چھٹی پوزیشن حاصل کی اور مدثر خان نے ایونٹ کی ماڈل اور فزیک کیٹیگری میں پانچویں پوزیشن حاصل کی۔

اس موقع پاکستان بوڈی بلڈنگ کے سیکرٹری سہیل انور نے باڈی بلڈرز کو پاکستان کا پرچم بلند کرنے پر مبارکباد دی۔

 سہیل انور نے کہا وہ باڈی بلڈراس کارکردگی کے تمام کریڈٹ کے مستحق ہیں۔ انہوں نے یہاں تک پہنچنے اور تمغے جیتنے کے لیے بہت محنت کی۔ ہم اپنے کھلاڑیوں کی حمایت کرتے ہیں اور ان کی مسلسل کارکردگی کے لیے دعا کرتے ہیں۔ پاکستان کو مبارک ہو۔

مزیدخبریں