بندر بن عبدالعزیز نے خطبہ حج میں کہا کہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں میں نے انسان کو بہترین انداز میں پیدا کیا ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ تم زمین والوں پر رحم کرو ، اللہ تم پر رحم کرے گا،اللہ احسان کرنے والوں کے قریب ہے ،جب انسان احسان کرتا ہے تو اللہ اسے مصائب سے محفوظ فرماتا ہے ۔ عداوت اور نفرت کو ختم کرنا چاہئے ۔
خطبہ حج میں کہا گیا کہ اللہ سے ڈرتے رہو اور اپنی نمازوں کی حفاظت کرو، اللہ کی رضا کیلئے قرض حسنہ دینے والوں کو اللہ اخرت میں دوگنا اجر دے گا،حدیث نبوی ہے کہ ہر نیکی کا اجر ہے ،اپنے وعدوں کو اللہ کی رضا کیلئے پورا کرو،اللہ فرماتا ہے کہ یتیم کے مال میں خیانت نہ کرنا،دنیا میں جو احسان کرے گا آخرت میں اس کا بھلا ہوگا، اللہ تعالیٰ احسان کرنے والوں کو پسند کرتا ہے ،اللہ کی رحمت بہت قریب ہے ، لوگوں کی طرف سے آنے والی تکالیف پر صبر کرو۔
خطبہ حج میں خطیب بندر بن عبدالعزیز نے کہا کہ اللہ نے فرمایا اس نے زمین اورآسمان کو چھ روز میں تخلیق کیا، زمین کو تمہارے لئے مسخر کر دیا گیا ہے تاکہ تم شکر گزار بنو،متقی اور پرہیز گاروں کیلئے جنت کی خوشخبری ہے ، مرد اور عورت جو بھی بھلائی کا کام کرے اس کو اجر دیا جائے گا، جب کسی کو ہدیہ دو تو اچھا دو ،اللہ ہی پاک رب ہے ، اترانے اور تکبر کرنے والوں کو اللہ پسند نہیں کرتا ، اللہ نے فرمایا کہ شیطان تمہیں گمراہ کرنے کی کوشش کرے گا، جب آپ دعا کرتے ہیں تو فرشتے فخر کرتے ہیں ۔