ایک نیوز: شہدائے پاکستان کو سلام۔ وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے خاندانوں کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ حوالدار آفتاب احمد انتہائی نڈر سپاہی تھے جنہوں نے وطن عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگایا۔
حوالدار آفتاب احمد نے 31 اگست 2023 کو مالی خیل کے مقام پر دہشتگردوں کی جانب سے کئے جانے والے بزدلانہ حملے میں جام شہادت نوش کیا۔ حوالدار آفتاب احمد شہید کا تعلق بہاولنگر سے ہے۔ انہوں نے سوگواران میں والدین، بیوہ، دو بیٹیاں اور دو بیٹے چھوڑے۔
حوالدار آفتاب احمد شہید کے لواحقین نے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔ شہید کے والد کا کہنا تھا کہ ''جب میرا بیٹا سبز ہلالی پرچم میں لپٹ کر آیا تو مجھے بہت فخر ہوا''۔ ''میرے بیٹے کو اپنے وطن کی خاطر جان دینے کا بہت شوق تھا''۔ ''میں اپنے پانچوں بیٹے اس ملک کی خاطر قربان کرنے کے لیے تیار ہوں ''۔
شہید کی والدہ کا کہنا تھا کہ ''میرا بیٹا بہت اچھا تھا سب سے بہت پیار کرتا تھا''۔ شہید کے بیٹے نے کہا کہ ''مجھے فخر ہے کہ میں ایک شہید کا بیٹا ہوں ''۔ ''میرے والد کی شہادت کی وجہ سے ہم سب کو بہت عزت ملی''۔
شہید کی بیٹی نے کہا کہ ''اپنے والد کی شہادت سے پہلے ان سے بات نہیں ہو سکی جس کا مجھے بہت افسوس ہے''۔
حوالدار آفتاب احمد شہید کی شہادت کی داستان ہماری آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے۔